اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیر اعظم شہباز شریف نے چاند پر پاکستان کا پہلا سیٹلائٹ بھجوانے پر قوم اور سائنسدانوں کو مبارکباد دی ہے۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان نے گزشتہ روز نئی تاریخ رقم کرتے ہوئے پہلا سیٹلائٹ آئی کیوب کیو چاند پر روانہ کر دیا، دو آپٹیکل کیمروں سے لیس آئی کیوب کیو کی مدد سے چاند کی سطح کی تصاویر اور معلومات حاصل کی جائیں گی، وزیر اعظم نے سیٹلائٹ کی لانچنگ کو سرکاری ٹیلی ویژن پر براہ راست دیکھا، شہباز شریف نے بڑی کامیابی پر قوم اور سائنسدانوں کو مبارکباد بھی دی۔
یہ بھی پڑھیں: تاریخ ساز دن: پہلا پاکستانی سیٹلائٹ’ آئی کیوب کیو‘ چاند پر روانہ
پاکستان کے چاند پر سیٹلائٹ بھیجنے والے ممالک کی فہرست میں شامل ہونے پر وزیر اعظم شہباز شریف نے مسرت کا اظہار کرتے ہوئے ایک بیان میں کہا ہے کہ آئی کیوب قمر سیٹلائٹ خلا میں پاکستان کا پہلا قدم ہے، جوہری میدان کی طرح اس میدان میں بھی ہمارے سائنسدان اور انجینئرز اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوا رہے ہیں، پاک چین دوستی آج خلاؤں کی سرحد بھی پار کر چکی ہے۔
انہوں نے کہا کہ 8 ممالک میں سے صرف پاکستان کے منصوبے کو قبول کیا جانا ہمارے سائنسدانوں اور ماہرین کی قابلیت کا اعتراف ہے، یہ تکنیکی ترقی کے سفر کا بہت تاریخی لمحہ ہے، پاکستان خلا کے با مقصد استعمال کے نئے دور میں داخل ہو گیا، یہ مشن چین کے چینگ ای 6 مشن کے اشتراک سے خلا کی جانب بھیجا گیا، آج پاکستان کے خلائی سائنسی پروگرام کیلئے تاریخ ساز لمحہ ہے۔
یہ بھی پڑھیں: وزیر اعظم سے بلاول زرداری کی ملاقات، پنجاب، پختونخوا گورنرز کی تبدیلی پر اتفاق
وزیر اعظم شہباز شریف نے مزید کہا کہ ہمیں اپنے سائنسدانوں اور چین کے ساتھ اپنے اشتراک پر فخر ہے، یہ کامیابی سائنس اور تحقیق کے موضوع میں نوجوانوں کو متاثر کرے گی اور ہمارے شمسی پروگرام کو بڑھائے گی، چاند کے بارے میں ہمارے علم میں اضافہ کرے گی۔