نارنگ منڈی: (دنیا نیوز) وفاقی وزیر رانا تنویر حسین نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی یہودی پراڈکٹ جو ملک کی تباہی کے ایجنڈے پر کارفرما ہے۔
وفاقی وزیر رانا تنویر حسین نے نارنگ منڈی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ 2014ء کا بانی پی ٹی آئی کا دھرنا پاکستان کو کمزور کرنے کی سازش کا آغاز تھا۔
رانا تنویر حسین نے کہا کہ ملکی سالمیت کے اداروں پر حملے بیرونی آقاؤں کی خواہش تھی، چینی صدر کا دورہ ہو یا سعودی وفد کی آمد، پی ٹی آئی نے ہمیشہ ترقی کی راہ میں روڑے اٹکائے، بانی پی ٹی آئی کی ملک دشمنی کی ہر سازش ناکام ہو رہی ہے۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ لندن ہنگاموں اور کانگریس حملے کے ملزمان سزا پاچکے، سانحہ 9 مئی کے ملزمان آزاد ہیں، ہمارے عدالتی نظام کی خامیاں ملکی سالمیت پر حملے کے ملزموں کو بچا رہی ہیں، وفاق اور پنجاب حکومت مل کر کسانوں کو مسئلہ حل کرنے کی کوشش کر رہی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ گندم امپورٹ کرنے کی انکوائری کمیٹی کی رپورٹ بہت جلد منظر عام پر آجائے گی، انکوائری رپورٹ میں پتہ چل جائے گا کہ کس نے ذاتی مفاد کے لئے یہ گندم امپورٹ کی، وفاقی حکومت کسانوں کو سبسڈی دینے کا بھی پلان بنا رہی ہے۔