اسلام آباد: (دنیا نیوز) خیبرپختونخوا کے بعد جعفر خان مندو خیل گورنر بلوچستان کی حیثیت سے آج عہدے کا حلف اٹھائیں گے۔
پنجاب، خیبرپختونخوا اور بلوچستان کے گورنرز کی تبدیلی کا فیصلہ وزیر اعظم اور بلاول بھٹو زرداری کے درمیان ہونے والی ملاقات میں ہوا تھا، فیصل کریم کنڈی بطور گورنر خیبرپختونخوا ذمہ داریاں سنبھال چکے ہیں جبکہ جعفر خان مندو خیل گورنر بلوچستان کی حیثیت سے آج حلف اٹھائیں گے، چیف جسٹس بلوچستان ہائیکورٹ گورنر ہاؤس میں جعفر مندوخیل سے حلف لیں گے۔
گورنر پنجاب بلیغ الرحمان کی مصروفیات کے باعث نئے گورنر کی حلف برداری کی شیڈول تقریب ملتوی کر دی گئی، نامزد گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر نے گزشتہ شام 6 بجے حلف اٹھانا تھا، چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ شہزاد خان نے نئے گورنر سے عہدے کا حلف لینا تھا۔
دوسری جانب جنرل سیکرٹری پیپلز پارٹی پنجاب سید حسن مرتضیٰ کا کہنا ہے کہ ناگزیر وجوہات کی بنیاد پر نئے گورنر کی تقریب حلف برداری ملتوی کر دی گئی، سردار سلیم حیدر اب 7 مئی کو گورنر پنجاب کا حلف اٹھائیں گے۔