لاہور: (دنیا نیوز) لاہور کے علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر آتشزدگی کے نتیجے میں امیگریشن سسٹم تباہ ہو گیا جس کی وجہ سے متعدد پروازوں کا رخ موڑ دیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق لاہور کے علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ کے ایف آئی اے کے امیگریشن ہال میں اچانک آگ بھڑک اٹھی جس نے دیکھتے ہی دیکھتے پورے حصے کو لپیٹ میں لے لیا، آگ کے باعث مسافروں میں بھگدڑ مچ گئی، حکام نے امیگریشن ہال خالی کروا لیا۔
آگ سے امیگریشن ہال کے ارد گرد دھواں جمع ہونے سے شہریوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا، آگ کے بعد امیگریشن کا عمل روک دیا گیا جس کی وجہ سے مسافروں کو بھی پریشانی اٹھانی پڑی، امیگریشن سسٹم میں خرابی کی وجہ سے سری لنکن ایئر لائن کی پرواز کا رخ موڑ دیا اور لاہور سے جانے والی حج پرواز کو بھی روک لیا گیا۔
آتشزدگی کی اطلاع ملنے کے بعد ریسکیو اور فائر بریگیڈ کا عملہ موقع پر پہنچ گیا اور کئی گھنٹوں کی جدوجہد کے بعد آگ پر قابو پا لیا، ابتدائی تفتیش کے مطابق آگ لگنے کی وجہ شارٹ سرکٹ بتائی گئی ہے۔