اسلام آباد:(دنیا نیوز) سپریم کورٹ نے موسمیاتی تبدیلی اتھارٹی دو ہفتوں میں قائم کرنے کا تحریری فیصلہ جاری کردیا۔
سپریم کورٹ نے موسمیاتی تبدیلی اتھارٹی کے قیام کا چھ مئی کی سماعت کا تحریری حکم نامہ جاری کیا، عدالت عظمیٰ نے اپنے تحریری فیصلے میں وفاقی حکومت کو دو ہفتے میں موسمیاتی تبدیلی اتھارٹی قائم کرنے کا حکم دیتے ہوئے لکھا کہ موسمیاتی تبدیلی اتھارٹی قائم نہ ہونے سے عوام کے بنیادی حقوق پر سنگین اثرات ہوں گے۔
تحریری فیصلے میں سپریم کورٹ نے حکم دیا کہ موسمیاتی تبدیلی کے قیام کے ساتھ حکومت اس کیلئے فنڈز کا بندوبست بھی کرے، موسمیاتی تبدیلی سے عوام کو سب سے سنگین خطرہ درپیش ہے، س معاملے کی سنگینی کے پیش نظر 2017 میں موسمیاتی تبدیلی ایکٹ بنایا گیا، سات سال گزرنے کے باوجود موسمیاتی تبدیلی اتھارٹی قائم ہوئی نہ فنڈز جاری ہوسکے۔
سپریم کورٹ کا اپنے حکم نامہ میں کہنا تھا کہ اٹارنی جنرل نے 21 مارچ کو موسمیاتی تبدیلی کونسل اجلاس کا کہا لیکن 6 مئی تک اتھارٹی قائم نہ ہوسکی، پنجاب، کے پی اور سندھ نے عدالتی حکم پر موسمیاتی تبدیلی سے نمٹنے کیلئے پالیسی مسودہ جمع کروا دیا، بلوچستان حکومت کے مطابق پالیسی منظوری کیلئے کابینہ کو بھیج دی گئی ہے۔
عدالت نے کیس کی مزید سماعت 3 جون تک ملتوی کر دی۔