اسلام آباد: (ویب ڈیسک) محکمہ موسمیات نے کہا ہے کہ اسلام آباد، خیبر پختونخوا، پنجاب، گلگت بلتستان اور کشمیر میں آندھی، جھکڑ چلنے اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔
رپورٹ کے مطابق آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک کے میدانی علاقوں میں بعد از دوپہر تیز ہوائیں، جھکڑ چلنے کی توقع ہے جبکہ ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم گرم اور خشک رہےگا۔
محکمہ موسمیات کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم گرم اور خشک رہا تاہم بالائی، وسطی پنجاب اور خیبرپختونخوا میں آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش ہوئی۔
سب سے زیادہ بارش سرگودھا میں 20، نور پور تھل 19، جوہر آباد 15، فیصل آباد 7، بھکر 6، لیہ، ساہیوال 4، قصور، شیخوپورہ، ڈی جی خان (سٹی) 3، لاہور (سٹی 2، ایئرپورٹ ایک)، چکوال 2 ، حافظ آباد، ٹوبہ ٹیک سنگھ میں ایک ملی میٹر بارش ہوئی۔
محکمہ موسمیات کے مطابق میرکھانی 14، دیر(بالائی) 9، کالام 4، دروش 3، بنوں 2، چترال اور ڈی آئی خان (ائرپورٹ) میں ایک ملی میٹربارش ریکارڈ کی گئی۔
ہفتہ کو ریکارڈ کیے گئے زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت کے مطابق تربت میں درجہ حرارت 44، بہاولپور، جیکب آباد، خیرپور اور روہڑی میں 42 ڈگری سینٹی ریکارڈ کیا گیا ہے۔