جماعت اسلامی کی پرامن احتجاج کیخلاف کریک ڈاؤن کی شدید مذمت

Published On 14 May,2024 02:41 am

اسلام آباد: (دنیا نیوز) جماعت اسلامی کے نائب امیر لیاقت بلوچ نے اسلام آباد میں پرامن احتجاج کیخلاف کریک ڈاؤن کی شدید مذمت کی ہے۔

اپنے مذمتی بیان میں لیاقت بلوچ نے کہا ہے کہ طلبہ اور سول سوسائٹی کے پُرامن احتجاج پر تشدد ناقابل قبول ہے، فلسطین سے یکجہتی کرنے والوں کی گرفتاری اور مقدمات غیر منطقی ہیں، آئینی و قانونی حدود میں مظاہروں کیخلاف اسلام آباد انتظامیہ کا ایکشن بلا جواز ہے۔

نائب امیر جماعت اسلامی لیاقت بلوچ نے مزید کہا ہے کہ مظاہروں کیخلاف امریکی اور پاکستانی حکام کا طرزعمل قابل افسوس ہے، اسرائیل نہتے فلسطینی شہریوں کیخلاف جنگی جرائم میں ملوث ہے، وفاقی حکومت کا طرزعمل قائد اعظم کی فلسطین پالیسی سے انحراف ہے۔

انہوں نے کہا کہ حکومت پاکستان عوام کے تاریخی اور حقیقی جذبات کا احترام کرے، حکومت پاکستان مبہم پالیسی کی بجائے جرأت مندانہ کردار کا مظاہرہ کرے، جماعت اسلامی اور اسلامی جمعیت طلبہ کے کارکنوں کیخلاف مقدمات واپس لئے جائیں اور انہیں رہا کیا جائے۔