اسلام آباد: (دنیا نیوز) سابق وزیراعظم آزاد کشمیر سردار عتیق احمد خان نے کہا ہے کہ آنے والے وقت میں بھارت کشمیر میں آبادی کا تناسب تبدیل کرنا چاہتا ہے، بھارت کو ایسے اقدامات سے روکنا ہوگا۔
کشمیر کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے سابق وزیراعظم آزاد کشمیر سردار عتیق احمد خان کا کہنا تھا کہ تحریک آزادی کشمیر نشیب و فراز سے گزری ہے، مسئلہ کشمیر ایک عالمی مسئلہ ہے۔
انہوں نے کہا کہ دوطرفہ تعلقات کے حوالے سے پاکستان اور ہندوستان کی بات کبھی نہیں ہوئی جہاں عالمی ثالثی ہوئی وہاں مسائل کے حل میں پیشرفت ہوئی، تمام تر مسائل کے باوجود کشمیر کی تحریک زندہ رہی۔
سردار عتیق احمد نے کہا کہ ہمیں ایک جامع قومی کشمیر پالیسی ترتیب دینے کی ضرورت ہے، اس پالیسی پر تمام سٹیک ہولڈرز سے مشاورت ضروری ہے، بھارتی اقدامات کے ردعمل والی پالیسی نہیں چاہئے، ہمیں آگے بڑھ کر پہلے سے اقدامات کرنا ہوں گے۔
انہوں نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف کل آزاد کشمیر کا دورہ کر رہے ہیں، آزاد کشمیر تحریک آزادی کشمیر کا بیس کیمپ ہے، کشمیری آزادی کی جنگ لڑ رہے ہیں۔
سردار عتیق احمد نے کہا کہ بھارت کسی طور پر ٹیبل پر آنے کیلئے رضا مند نہیں، آزاد کشمیر میں کوئی بھارت کا ایجنٹ نہیں ہے، آزاد کشمیر کی تمام سیاسی جماعتیں ون پوائنٹ ایجنڈے پر متفق ہیں۔
سابق وزیر اعظم آزاد کشمیر نے کہا کہ نریندر مودی آج کل الیکشن کے چکر میں ہے، مودی سے کشمیر لیں گے اور بھارت کے ٹکرے بھی کریں گے۔