بیجنگ: (دنیا نیوز) نائب وزیر اعظم اسحاق ڈار نے کہا کہ پاک چین دوستی علاقائی اور عالمی امن و استحکام کیلئے ضروری ہے، مسئلہ کشمیر کے منصفانہ حل کے بغیر خطے میں پائیدار امن ممکن نہیں، پاکستان تائیوان اور جنوبی بحیرہ چین سمیت تمام بنیادی امور پر چین کی حمایت جاری رکھے گا۔
پاکستان اور چین کے درمیان سٹریٹجک ڈائیلاگ کے پانچویں دور کے بعد چین کے وزیر خارجہ وانگ ژی کے ہمراہ مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ میری اور پاکستانی وفد کی بہترین مہمان نوازی پر چینی قیادت کا شکریہ ادا کرتا ہوں، میری چین کے نائب وزیراعظم سے مختلف موضوعات پر تعمیری اور مفید بات چیت ہوئی۔
نائب وزیر اعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے مزید کہا ہے کہ سی پیک، علاقائی، جغرافیائی صورتحال سمیت مختلف امور پر بھی گفتگو ہوئی، مذاکرات میں پاکستان اور چین میں کئی اہم امور پر اتفاق رائے ہوا، ایم ایل ون، گوادر بندرگاہ، کان کنی، آئی ٹی، توانائی، زراعت میں تعاون بڑھانے پر اتفاق ہوا، سی پیک نے پاکستان کی معاشی ترقی میں اہم کردار ادا کیا ہے۔
انہوں نے کہا ہے کہ چین نے پاکستان کی علاقائی سالمیت، خودمختاری اور سلامتی پر اپنی حمایت جاری رکھنے کا اعادہ کیا، مسئلہ کشمیر پر چین کی مسلسل حمایت کا شکریہ ادا کرتے ہیں، افغان عبوری حکومت اپنی سرزمین پر دہشت گرد پناہ گاہوں کو ختم کرے۔
اسحاق ڈار نے مزید کہا ہے کہ شانگلہ حملہ کے ذمہ داروں کو کیفر کردار تک پہنچائیں گے، چین کی قیادت کے ساتھ شانگلہ حملہ پر گہرے دکھ اور تعزیت کا اظہار کیا، شاہراہ قراقرم دونوں ملکوں کے تجارتی تعلقات میں ریڑھ کی ہڈی کا کردار ادا کر رہی ہے۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے چین کے وزیر خارجہ وانگ ژی نے چین کی ون چائنہ پالیسی پر پاکستانی موقف کو قابل تحسین قرار دیتے ہوئے کہا کہ نائب وزیر اعظم کا عہدہ سنبھالنے کے بعد اسحاق ڈار کا دورہ چین اہمیت کا حامل ہے، ان کو دورہ چین پر خوش آمدید کہتے ہیں۔
انہوں نے کہا ہے کہ چین پاکستان کے ساتھ تعلقات کو خصوصی اہمیت دیتا ہے، دونوں ممالک تزویراتی شراکت دار ہیں، پاک چین دوستی چٹان کی طرح مضبوط ہے، پاک چین تعلقات علاقائی امن اور خوشحالی کیلئے انتہائی اہمیت کے حامل ہیں، چین اور پاکستان کے درمیان دوستی وقت کے ساتھ ساتھ مزید مضبوط ہو رہی ہے، چین اور پاکستان کے تعلقات باہمی اعتماد پر مبنی ہیں۔