لاہور: (دنیا نیوز) اورنج ٹرین میں ہونے والی بے ضابطگیوں پر نیب نے تفصیلات مانگ لیں۔
قومی احتساب بیورو (نیب) نے ریکارڈ کی فراہمی کے لئے لاہور ڈویلپمنٹ اتھارٹی (ایل ڈی اے) کو مراسلہ بھی لکھ دیا۔
اورنج ٹرین کی تعمیر کے دوران خلاف ضابطہ ہونے والے کاموں پر نیب نے ریکارڈ طلب کیا ہے، منصوبے کی فزیکل پراگریس اور فنانشل پوزیشن سے متعلق بھی تفصیلات طلب کی گئی ہیں۔
نیب کی جانب سے اورنج ٹرین پراجیکٹ میں ٹھیکیداروں کو ہونے والی ادائیگیوں سے متعلق استفسار کیا گیا ہے جبکہ مرکزی ٹھیکیداروں کو رقوم کے اجراء کی تفصیلات بھی مانگی گئی ہیں۔
قومی احتساب بیورو نے ڈیفیکٹ لائبیلٹی پیریڈ کے تحت تخمینہ لاگت میں اضافے کے حوالے سے تفصیلات طلب کی ہیں جبکہ منصوبے کے پی سی ون ریٹ، وزیراعلیٰ کو ارسال سمری اور فائنل اپروول میں آنے والے فرق سے متعلق بھی استفسار کیا گیا ہے۔
نیب کی جانب سے لاہور ہائی کورٹ کے احکامات کے بعد منصوبے سے ہٹائی جانے والی مشینری کی جی پی ایس تصاویر مانگی گئی ہیں جبکہ کنٹریکٹر کے خلاف کارروائی نہ کرنے پر بھی ایل ڈی اے سے جواب طلب کیا گیا ہے۔