وزیراعظم نے تعلیمی ایمرجنسی کے لئے ہدایات جاری کر دیں

Published On 16 May,2024 10:05 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) تعلیمی ایمرجنسی کیلئے وزیراعظم شہباز شریف نے ہدایات جاری کردیں۔

وزیراعظم شہبازشریف نے کہا کہ ملک بھر میں سکول سے باہر بچوں سے متعلق وفاقی وزارت تعلیم جامع رپورٹ بنائے، رپورٹ میں ان بچوں کو سکول کی طرف واپس لانے سے متعلق فوری شارٹ ٹرم پلان بھی مرتب کرنے کے احکامات جاری کئے گئے۔

رپورٹ مرتب ہونے کے بعد وزیراعظم کو پیش کرنے کی ہدایات دے دی گئیں، سکول سے باہر بچوں کو واپس لانے کیلئے سکول فنڈ بھی مختص کر دیا گیا، 5 سالوں میں 25 ارب روپے کا چیلنج فنڈ قائم کیا جائے گا، وزارت تعلیم میں وزیراعظم کی سربراہی میں ٹاسک فورس قائم کی جائے گی۔

ٹاسک فورس وفاق، صوبوں کے نمائندگان سمیت دوطرفہ اور دو سے زائد پارٹنرز پر مشتمل ہوگی، ٹاسک فورس صوبائی اور قومی سطح پر تعلیم سے جڑے مسائل کی نشاندہی کرے گی، ٹاسک فورس وزیراعظم آفس کو اپنی مرتب شدہ رپورٹ براہ راست پیش کرے گی۔

حکام کے مطابق حکومت صوبائی اور وفاقی تعلیم کے بجٹ کو جی ڈی پی کے 4 فیصد لے جانے کا ارادہ رکھتی ہے، صوبوں اور وفاقی تعلیم کا بجٹ 2029ء تک جی ڈی پی کے 4 فیصد تک مرحلہ وار لے جایا جائے گا۔

حکام نے مزید بتایا کہ وفاقی وزارت تعلیم صوبوں سے باہمی مشاورت کے بعد فاسٹ ٹریک بیسز پر ماہر اساتذہ کی بھرتی کرے گی، بھرتی ملک بھر میں کی جائے گی تا کہ تعلیمی معیار میں بہتری لائی جا سکے۔