لاہور:(دنیا نیوز)وزیر اعظم شہبازشریف نے کہا ہے کہ، قائد مسلم لیگ ن نوازشریف کو امانت واپس لوٹا رہا ہوں۔
پاکستان مسلم لیگ ن کے مرکزی سیکرٹریٹ ماڈل ٹاؤن میں پارٹی کی سینٹرل ورکنگ کمیٹی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ قائد مسلم لیگ ن نوازشریف اور آپ سب کا شکریہ ادا کرتا ہوں، آج کا دن میرے لیے بہت قابل اطمینان ہے۔
شہباز شریف نے کہا کہ نوازشریف کے ساتھ ظلم کی وجہ سے پارٹی صدارت مجھے سونپی گئی تھی، نواز شریف کے ساتھ ظلم کرکے انصاف کے پرخچے اڑائےگئے، قائد مسلم لیگ ن نوازشریف کو امانت واپس لوٹا رہا ہوں۔
انہوں نے کہا کہ نوازشریف نے فیصلہ کیاتھا پاکستان کو ایٹمی طاقت بنائیں گے اور کرکے دکھایا، افواج پاکستان کے ساتھ ملکر ملک سے دہشت گردی کا خاتمہ کیا، کراچی میں دوبارہ امن قائم کیا۔
شہباز شریف نے کہا کہ 2013 میں اقتدار سنبھالتے ہی میں نے لوڈشیڈنگ کاخاتمہ کرکے قوم کو اندھیروں سےنکالا، نوازشریف ہی ملک کو مسائل سے نکال سکتے ہیں، نوازشریف ہی قوم کو دوبارہ متحد کرسکتے ہیں،
وزیر اعظم کا مزید کہنا تھا کہ نوازشریف کی قیادت میں ہم ملک کو مشکلات سے نکالیں گے، جلد ملک دوبارہ ترقی کی راہ پر گامزن ہوگا۔