اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم محمد شہباز شریف سے مشروبات بنانے والی بین الاقوامی کمپنیوں کے وفد نے ملاقات کی، وفد نے وزیرِ اعظم کی قیادت میں حکومت کی کاروبار دوست پالیسیوں کو خراج تحسین پیش کیا۔
ملاقات کے دوران وزیر اعظم کو بریفنگ دی گئی کہ بین الاقوامی مشروبات بنانے والی کمپنیوں کے پاکستان میں 25 کے قریب کارخانے ہیں، جن میں 1 لاکھ 30 ہزار لوگوں کو براہ راست روزگار فراہم کیا جاتا ہے۔
وفد نے وزیر اعظم کو ملک میں ری سائیکلنگ کے سب سے بڑے نظام کے حوالے سے آگاہ کیا، وفد نے بتایا کہ کمپنیاں ملکی خزانے کو ٹیکس کی مد میں ہر برس خطیر حصہ ادا کرتی ہیں۔
وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا کہ روزگار کی فراہمی، ملکی برآمدات میں اضافے اور معاشی ترقی کیلئے حکومت معاونت فراہم کر رہی ہے، خوش آئند امر ہے کہ حکومت کی کاروبار دوست پالیسیوں کے مثبت نتائج آنا شروع ہو گئے ہیں۔
شہباز شریف نے کہا کہ بین الاقوامی کمپنیاں کارپوریٹ سوشل ریسپانسبیلٹی کے تحت سرگرمیوں سے اپنا مثبت کردار ادا کریں، وزیرِ اعظم نے متعلقہ حکام کو کمپنیوں کی تجاویز پر مشاورت کے بعد مسائل کا حل جلد پیش کرنے کی ہدایت کی۔