اسلام آباد: (دنیا نیوز) چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی سے ترک وزیر خارجہ کی پارلیمنٹ ہاؤس میں ملاقات ہوئی۔
ملاقات میں دوطرفہ تعلقات اور باہمی دلچسپی کے بین الاقوامی اور علاقائی اُمور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا، چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ صدر اردگان کے بین الاقوامی سطح پر اُمت مسلمہ کے لئے فعال کردار کو انتہائی قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں، ترک تاجر پاکستان میں موجود سرمایہ کاری کے مواقعوں سے فائدہ اٹھائیں۔
چیئرمین سینیٹ نے دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ تجارت کے حجم میں اضافے پر زور دیا، انہوں نے کہا کہ غزہ میں نہتے فلسطینیوں پر بمباری انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزی ہے، مشرق وسطیٰ اور فلسطین میں پائیدار امن کے قیام کے لئے مشترکہ کوششوں کی ضرورت ہے۔
ترک وزیر خارجہ نے غزہ میں جنگ بندی کے لئے کی جانے والی کوششوں کے بارے میں آگاہ کیا۔