اسلام آباد: (دنیا نیوز) جوڈیشل مجسٹریٹ اسلام آباد نے سابق وزیراعظم آزاد کشمیر سردار تنویر الیاس کی شاپنگ مال میں توڑ پھوڑ کے کیس میں ضمانت بعد از گرفتاری کی درخواست منظور کرلی ہے۔
سابق وزیر اعظم آزاد کشمیر سردار تنویر الیاس کو عدالت پیش کیا گیا، درخواست ضمانت پر جوڈیشل مجسٹریٹ مرید عباس نے سماعت کی، تنویر الیاس کے وکیل سردار شوکت حیات ایڈوکویٹ عدالت کے سامنے پیش ہوئے۔
عدالت نے سردار تنویر الیاس کی ضمانت بعد از گرفتاری کی درخواست منظور کرلی، عدالت نے 50 ہزار کے مچلکوں کے عوض درخواست منظور کی۔
سردار تنویر الیاس کے وکلا کی جانب سے ضمانتی مچلکے موقع پر جمع کروا دیئے گئے، مدعی مقدمہ ٹیپو سلطان بھی عدالت میں پیش ہوئے، مدعی مقدمہ ٹیپو سلطان نے عدالت کے سامنے اپنا بیان ریکارڈ کروایا۔
مدعی مقدمہ اور سردار تنویر الیاس کے صلح نامہ پر دستخط کروائے گئے، عدالت نے ریمارکس دیئے کہ مدعی مقدمہ اس کیس کی مزید پیروی نہیں کرنا چاہتے۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز اسلام آباد پولیس نے سردار تنویرالیاس کو تھانہ مارگلہ میں درج مقدمے میں گرفتار کر لیا تھا، مقدمے میں ان پر اسلام آباد کے معروف شاپنگ مال پر حملہ کرنے اور سکیورٹی انچارج پر تشدد کرنے کے الزامات عائد کیے گئے تھے۔