اسحاق ڈار کی کرغز وزیر خارجہ سے ملاقات، دوطرفہ رابطے مضبوط کرنے کا اعادہ

Published On 22 May,2024 05:31 am

بشکیک: (دنیا نیوز) وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے اپنے کرغز ہم منصب سے ملاقات کی جس میں دوطرفہ تعلقات اور رابطوں کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا گیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق نائب وزیر اعظم اسحاق ڈار نے کرغز وزیر خارجہ سے ملاقات کے دوران کرغزستان میں پاکستانیوں سمیت غیر ملکیوں کے خلاف تشدد کے حالیہ افسوسناک واقعات پر تبادلہ خیال کیا اور کرغز حکومت کی جانب سے بدامنی کے دوران حالات معمول پر لانے اور پاکستانی طلباء کی فلاح و بہبود کو یقینی بنانے کیلئے اس کے فوری اقدام پر شکریہ ادا کیا۔

یہ بھی پڑھیں: اسحاق ڈار کی بشکیک میں کرغز نائب چیئرمین کابینہ آف منسٹرز کے ساتھ ملاقات

ملاقات کے موقع پر اسحاق ڈار نے کہا کہ امید ہے پاکستانیوں کیخلاف تشدد کی حالیہ کارروائیوں کے ذمہ داروں کا محاسبہ کیا جائے گا، وزیر خارجہ نے کرغز جمہوریہ میں مقیم پاکستانی شہریوں سمیت تمام غیر ملکیوں کو تحفظ فراہم کرنے کیلئے اپنی حکومت کے عزم کا اعادہ کیا۔

کرغز وزیر خارجہ نے امن و امان کی بحالی کیلئے کرغز حکام کی طرف سے اٹھائے گئے اقدامات کی وضاحت کی اور فسادات کے مرتکب افراد کی گرفتاریوں، مقدمہ چلانے اور سزا دینے کے عزم کا اعادہ کیا۔