وزیر خارجہ اسحاق ڈار اور انجینئر امیر مقام کا دورہ بشکیک اچانک ملتوی

Published On 19 May,2024 11:49 am

اسلام آباد: (دنیا نیوز) کرغزستان میں پھنسے پاکستانیوں کی واپسی کیلئے وزیر خارجہ اسحاق ڈار اور وفاقی وزیر انجینئر امیر مقام کا دورہ بشکیک اچانک ملتوی ہوگیا۔

واضح رہے کہ وزیراعظم شہباز شریف نے کرغزستان کے دارالحکومت بشکیک میں موجود طلبہ کی وطن واپسی کے اقدامات کا جائزہ لینے کیلئے نائب وزیراعظم اسحاق ڈار اور امیر مقام کو فوری طور پر بشکیک پہنچنے کی ہدایت کی تھی۔

ذرائع کے مطابق اسحاق ڈار اور امیر مقام نے آج لاہور سے بشکیک کیلئے روانہ ہونا تھا تاہم اچانک دونوں کا دورہ کرغزستان ملتوی ہوگیا۔

نائب وزیراعظم اور وفاقی وزیر نے کرغزستان میں پاکستانی طلباء اور متعلقہ حکام سے ملاقاتیں کرنا تھیں اور کرغز حکام کے ساتھ پاکستانی طلباء کی سکیورٹی اور زخمیوں کو علاج و معالجے کی سہولیات سے متعلق تبادلہ خیال بھی کرنا تھا۔

دوسری جانب کرغزستان میں پھنسے پاکستانی طلبہ اور مسافروں کو واپس لانے کیلئے آج مزید 2 پروازیں بشکیک جائیں گی۔

خصوصی پروازوں کے ذریعے 360 طلبا کو وطن واپس لایا جائے گا، ایک پرواز لاہور، دوسری اسلام آباد پہنچے گی، دونوں پروازیں شام تک پاکستان پہنچنے کا امکان ہے۔

یاد رہے کہ گزشتہ روز کرغزستان کے دارالحکومت بشکیک کے مقامی اور غیر ملکی طلبہ میں جھگڑے کے بعد ہنگامہ آرائی ہوئی، پاکستانی طلبہ بھی ہنگاموں کی زد میں آگئے اور مشتعل کرغز طلبہ نے پاکستانی طلبہ کے ہاسٹلز پر حملے کر دیئے جن میں متعدد طلبہ کے زخمی ہونے کی اطلاعات ہیں۔