تنویر الیاس پر درج مقدمات کی تفصیلات فراہمی کی درخواست پر فریقین کو نوٹس

Published On 23 May,2024 11:19 am

اسلام آباد: (دنیا نیوز) اسلام آباد ہائی کورٹ نے سردار تنویر الیاس کی مقدمات کی تفصیلات فراہمی کی درخواست پر فریقین کو نوٹس جاری کرتے ہوئے کل تک جواب طلب کر لیا۔

چیف جسٹس اسلام آباد ہائی کورٹ جسٹس عامر فاروق نے سردار تنویر الیاس کی مقدمات کی تفصیلات فراہمی کی درخواست پر سماعت کی، سابق وزیراعظم آزاد کشمیر کے وکیل ہارون الرشید، ملک غلام صابر عدالت میں پیش ہوئے۔

دوران سماعت جسٹس عامر فاروق نے استفسار کیا کہ آپ کی کیا درخواست ہے؟ وکیل نے بتایا کہ تنویر الیاس کو مارگلہ پولیس نے فیملی معاملے میں ایک کیس میں گرفتار کیا، مجسٹریٹ سے ضمانت ہوئی تو لوکل پولیس نے تنویر الیاس کو ایف آئی اے کے حوالے کردیا، درخواست گزار اب 3 روزہ جسمانی ریمانڈ پر ایف آئی اے کی تحویل میں ہیں۔

انہوں نے استدعا کی کہ ہم چاہتے ہیں درخواست گزار کے خلاف اور کتنے مقدمات درج ہیں اس کی تفصیلات فراہم کی جائے ، دوران جسمانی ریمانڈ فیملی سے ملاقات کی اجازت بھی دی جائے۔

اسلام آباد ہائی کورٹ نے دریافت کیا کہ تنویر الیاس کے خلاف کتنے مقدمات درج ہیں؟ پولیس ایف آئی اے و دیگر فریقین کل تک جواب جمع کروائیں۔

بعدازاں عدالت نے کیسز کی تفصیلات فراہمی درخواست پر کل تک فریقین سے جواب طلب کرتے ہوئے تنویر الیاس کی دوران جسمانی ریمانڈ فیملی سے ملاقات کی استدعا بھی منظور کر لی۔