اسلام آباد: (دنیا نیوز) ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق پاکستان لتھوانیا دو طرفہ سیاسی مشاورت کا ساتواں دور اسلام آباد میں ہوا۔
پاکستانی وفد کی قیادت ایڈیشنل سیکرٹری خارجہ یورپ شفقت علی خان نے کی، لتھوانیا کے وفد کی قیادت لتھوانیا کے نائب وزیر برائے خارجہ امور ایگیڈیجس میلوناس نے کی، لتھوانیا کے وفد میں وزارت خارجہ کے اعلیٰ حکام بھی شامل تھے۔
ملاقات کے دوران دوطرفہ تعلقات اور مشترکہ دلچسپی کے علاقائی اور عالمی امور کا جائزہ لیا گیا، دونوں فریقین نے اعلیٰ سطح کے تبادلوں اور تعاون کو بڑھانے پر اتفاق کیا، تجارت اور سرمایہ کاری، پارلیمانی تبادلے، تعلیم، ائی ٹی، لیبر کے شعبوں میں تعاون کو بڑھانے پر اتفاق ہوا۔
اس موقع پر عالمی مسائل، جغرافیائی سیاسی پیش رفت سے متعلق چیلنجز سے آگاہ بات چیت ہوئی، فریقین نے اقوام متحدہ سمیت بین الاقوامی فورمز پر شمولیت اور تعاون پر بھی اطمینان کا اظہار کیا، ایک دوسرے کی حمایت جاری رکھنے پر اتفاق کیا گیا۔
نائب وزیر میلوناس نے سیکرٹری خارجہ محمد سائرس سجاد قاضی سے بھی ملاقات کی، ملاقات میں دوطرفہ تعلقات کی رفتار پر اطمینان کا اظہار کیا اور باہمی فائدہ مند تعاون کو مزید وسعت دینے اور متنوع بنانے کے عزم کا اعادہ کیا۔
واضح رہے کہ دونوں ممالک اس سال سفارتی تعلقات کے قیام کی 30 ویں سالگرہ منا رہے ہیں۔