لندن: (حسیب ارسلان) سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق سے کامن ویلتھ پارلیمانی ایسوسی ایشن (سی پی اے) کے سیکرٹری جنرل مسٹر سٹیفن ٹویگ کی لندن میں ملاقات ہوئی۔
ملاقات کے دوران سردار ایاز صادق نے اس بات کا اعادہ کیا کہ بانی رکن کے طور پر پاکستان دولت مشترکہ کی بنیادی اقدار کی مکمل حمایت کرتا ہے، انہوں نے کہا کہ دولت مشترکہ بطور تنظیم اپنے ممالک کے شہریوں کی فلاح و بہبود کے لئے موجودہ اقتصادی حالات میں اپنی مطابقت کو فروغ دینے کی بے پناہ صلاحیت رکھتا ہے۔
سردار ایاز صادق نے کہا کہ پاکستان کی قومی اسمبلی اپنے اراکین اور عملے کی استعداد کار میں اضافے پر خصوصی توجہ دے رہی ہے، انہوں نے کہا کہ اراکین پارلیمنٹ اور عملے کی پارلیمانی امور اور قانون سازی کی تربیت کے لئے سی پی اے اور پاکستان انسٹی ٹیوٹ برائے پارلیمانی سروسز (PIPS) کے درمیان تعاون پر زور دیا۔
سیکرٹری جنرل، سی پی اے، سٹیفن ٹویگ نے ایک اہم شراکت دار کے طور پر دولت مشترکہ کے ترقیاتی ایجنڈے کو آگے بڑھانے میں پاکستان کے کردار کو سراہا۔
انہوں نے سپیکر کو بتایا کہ سی پی اے نے پارلیمنٹری سٹڈیز کے کورسز کے لئے برطانیہ کی یونیورسٹیوں کے ساتھ روابط قائم کئے ہیں اور پاکستانی یونیورسٹیاں بھی مشترکہ منصوبوں کے طور پر اشتراک کر سکتی ہیں۔