وفاق سے قبل کے پی کا بجٹ پیش کرنا عوامی مینڈیٹ کی توہین ہے: امیر مقام

Published On 25 May,2024 12:32 pm

پشاور:(دنیا نیوز) وفاقی وزیر امیر مقام نے کہا ہے کہ وفاق سے پہلے خیبرپختونخوا کابجٹ پیش کرنا عوام کے مینڈیٹ کی توہین ہے ۔

پشاور میں وفاقی وزیرامیر مقام کا تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہنا  تھا کہ خیبرپختونخوا کا بجٹ شیخ چلی کے مفروضوں کے مترادف ہے، کبھی اسلام آباد پر چڑھائی کی بات کرتے ہیں، کبھی کہتے ہیں ڈیم بند کردیں گے،واپڈا ہاؤس پر قبضہ کرلیں گے، ڈیم اور گرڈ اسٹیشن کسی کی ملکیت نہیں ہے۔

انہوں نے کہا کہ دھمکی آمیز ہتھکنڈو ں سےکب تک عوام کوبےوقوف بنائیں گئے، اگر عوام نے آپ کو مینڈیٹ دیا ہے تو سنجیدگی کا مظاہرہ کریں، ہم ملک میں قانون کی حکمرانی پر یقین رکھتے ہیں، اپنی سیاست کیلئے صوبے سے مذاق کیا جارہا ہے۔

امیر مقام کا کہنا تھا کہ عوام کو گمراہ کرنے سے کوئی چیز حاصل نہیں ہوگی، کے پی میں آپ کو تیسری بار مینڈیٹ ملا ہے ، پی ٹی آئی کی کے پی میں 10سال حکومت رہی،کتنی سرمایہ کاری لیکر آئے؟،9 مئی کا نقصان پورے پاکستان کو ہوا ہے،کے پی کو تو پتہ ہی نہیں ہے اسے وفاق سے کتنا حصہ ملے گا۔

وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ پاکستان کسی ایک کا نہیں سب کا ہے،ماضی میں دھرنوں کے دوران یوٹیلٹی بلز کو جلایاگیا، ہم ملک کو آگے لیجانے میں اپنا کردار ادا کرتے رہیں گے۔

انہوں نے مزید کہا کہ وکلا کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کریں گے،بنچ اور بار کی اہمیت سے انکار نہیں کیا جاسکتا،پوری ن لیگ کی سوچ  ہے کہ وکلا کو ان کا اپنا مقام دینا ہے۔