وزیراعظم سے گورنر خیبر پختونخوا کی ملاقات، صوبے کے مسائل پر غور

Published On 30 May,2024 11:45 am

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم شہباز شریف سے گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی نے ملاقات کی ہے۔

اسلام آباد میں وزیراعظم شہباز شریف اور گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی کی درمیان ہونے والی ملاقات میں صوبے کی سیاسی صورتحال اور مسائل پر تبادلۂ خیال کیا گیا۔

ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ وزیراعظم سے کے پی میں بجلی اور گیس کی لوڈشیڈنگ پر بات ہوئی، چشمہ رائٹ کینال کیلئے بھی رقم رکھنے کی سفارش کی ہے، سوئچ آن یا آف کرنے سے مسائل حل نہیں ہوتے۔

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سے ملکر کام کرنے کا کہا ہے: گورنر فیصل کریم کنڈی

انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا سے کہا ہے کہ تمام مسائل مذاکرات اور دلائل سے حل کرنا ہوں گے، لڑائی سے کچھ حاصل نہیں ہوتا، مل کر ہی کام کریں گے تو مسائل حل ہوسکتے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ علی امین گنڈاپور نے میری بات سنی اور وزیرداخلہ سے ملاقات کی، صوبے کا حال سوشل میڈیا پر کچھ اور حقیقت میں کچھ اور ہے، صوبے میں امن وامان کی صورتحال ٹھیک نہیں، وزیر اعلیٰ سے کہوں گا اس پر دھیان دیں۔

فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ میرے کوئی اختلافات نہیں، ہر سیاسی جماعت کے لیڈر کے ساتھ بیٹھنے کو تیار ہوں، گورنر کا ایک آئینی عہدہ ہوتا ہے، ہم صوبے کی ترقی کیلئے کام کریں گے، مجھے گورنر ہاؤس کا دفاع کرنا آتا ہے، ذمہ داری دی گئی ہے، صوبے کی ترقی کیلئے روڑے نہیں اٹکائے جائیں گے، ہم مقدمہ لڑیں گے تاکہ صوبے کی ترقی ہو۔

گورنر خیبرپختونخوا کا کہنا تھا کہ ہم یوتھ کیلئے کام کریں گے، کچھ عرصے بعد آپ کو نظر آئے گا، ہم سوشل میڈیا پر کسی اور ملک کی نہیں اپنے صوبے کی ایکٹیویٹی دکھائیں گے، جو گورنر راج کی بات کرتے ہیں وہ خود یہ کرنا چاہتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ہم کبھی بھی سیاسی یتیموں کو سیاسی شہید نہیں بنائیں گے، مولانا فضل الرحمان خود کہہ رہے ہیں کہ کے پی میں حکومت کو مینڈیٹ دیا گیا ہے، آپ آئیں دلیل اور دلائل سے بات کریں، سوئچ آن آف کرنے کی بات آسان ہوتی ہے، صوبائی حکومت کا اگرایک بار سوئچ آف ہوجائے تو کبھی آن نہیں ہوگا۔