اسلام آباد: (دنیا نیوز) اسلام آباد الیکشن ٹریبونل کی تبدیلی کے لئے الیکشن کمیشن آف پاکستان میں درخواستیں جمع کر ادی گئیں۔
اسلام آباد سے منتخب تینوں نیشنل اسمبلی ممبرز نے موجودہ الیکشن ٹریبونل کی شفافیت اور غیر جانبدار ہونے پر اعتراضات اٹھا دیئے، درخواست دہندگان میں ممبر نیشنل اسمبلی ڈاکٹر طارق فضل چودھری، راجہ خرم نواز اور انجم عقیل شامل ہیں۔
درخواست دہندگان نے پٹیشن میں استدعا کی ہے کہ درخواست دہندگان کو خدشہ ہے کہ انہیں انصاف نہیں ملے گا کیونکہ موجودہ ٹریبونل سے درخواست دہندگان مطمئن نہیں ہیں، معزز ٹریبونل اس معاملے میں غیر ضروری جلد بازی کا مظاہرہ کر رہا ہے۔
درخواست دہندگان نے کہا کہ معزز ٹریبونل کے مذکورہ عمل میں تعصب ہے، معزز ٹریبونل غیر جانبداری سے کام نہیں کر رہا، آرٹیکل 4 کے مطابق جو کہ کسی بھی فرد کا بنیادی حق ہے اُس کے مطابق اُس کے ساتھ معاملہ کیا جائے، قانون کے تحفظ و بالادستی اور اُس کے مطابق سلوک کیا جانا قانون کے مطابق ہر شہری کا ناقابل تنسیخ حق ہے۔
آرٹیکل 4 کے تحت ہر پاکستانی شہری کا منصفانہ ٹرائل اس کا حق ہے، چاہے وہ پاکستان کے اندر ہو یا پاکستان سے باہر، آرٹیکل 4 کے مطابق اپنے شہری حقوق کے تعین کے لئے اور ذمہ داریاں یا اس کے خلاف کسی مجرمانہ الزام میں ایک شخص منصفانہ ٹرائل اور مناسب عمل کا حقدار ہوگا، اس مقدمے میں درخواست دہندگان کے حق سے متعلق مقدمے کی سماعت متعصبانہ ہے۔
درخواست دہندگان کے مطابق انہوں نے عام انتخابات 2024ء میں کامیابی حاصل کی، درخواست دہندگان نے استدعا کی ہے کہ مندرجہ بالا گزارشات کے پس منظر کے پیش نظرانصاف کی فراہمی کے لئے الیکشن پٹیشن نمبر 73 برائے 2024ء کی کارروائی سے ٹریبونل اسلام آباد کو بھی روکا جا سکتا ہے۔
درخواست دہندگان کی جانب سے اس معاملے میں مزید ریلیف کی فراہمی کی بھی درخواست کی گئی ہے، اس سلسلے میں کمیشن جو مناسب ریلیف سمجھے وہ فراہم کیا جائے۔