کراچی: (دنیا نیوز) وزیر اطلاعات سندھ شرجیل انعام میمن نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی کے وزیر اعلیٰ گورنر کو دھمکیاں دینا بند کریں، وزیر اعلیٰ رہیں، غنڈے نہ بنیں۔
شرجیل انعام میمن نے کہا کہ ہم گنڈاپور کو کے پی کے کا نہیں، صرف پی ٹی آئی کا وزیر اعلیٰ سمجھتے ہیں، لگتا ہے کہ گنڈاپور کو شاید غنڈہ بننا تھا لیکن وہ غلطی سے وزیر اعلیٰ بن گئے۔
انہوں نے کہا کہ گورنر کو دھمکی دینا محض ایک فرد کی توہین نہیں بلکہ ہمارے آئینی نظام کے جوہر پر حملہ ہے، فیصل کریم کنڈی اہم آئینی عہدے پر فائز ہیں، ان کو دھمکی ناقابل قبول اور دہشتگردی کی ذمرے میں آتی ہے۔
شرجیل انعام میمن نے کہا کہ اعلیٰ عوامی عہدے پر فائز شخص کی جانب سے دھمکیاں سنگین نوعیت کا معاملہ ہے، خیبرپختونخوا کے وزیراعلیٰ کے خلاف فوری اور فیصلہ کن کارروائی کی جائے۔
وزیر اطلاعات سندھ نے کہا کہ پیپلز پارٹی نے ہمیشہ تحمل کا مظاہرہ کرتے ہوئے طرز عمل کے اعلیٰ ترین معیارات کو برقرار رکھا ہے۔