عوام مسائل کا حل چاہتے ہیں، چیف منسٹر وزیروں کیساتھ سختی کریں: بلاول بھٹو

Published On 05 June,2024 05:56 pm

کراچی: (دنیا نیوز) پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ عوام نے ہمیں مینڈیٹ دیا، اب ہمیں ڈلیور کرنا چاہئے، عوام نفرت کی سیاست کی بجائے مسائل کا حل چاہتے ہیں، چیف منسٹر کو وزیروں کے ساتھ اب تھوڑی سختی کرنا پڑے گی۔

پی پی پی سندھ کے پارلیمانی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی نے کہا کہ الیکشن تو گزر چکے ہیں،  پیپلز پارٹی نے تاریخی کامیابی حاصل کی، اب فوکس کرنا ہو گا کہ محدود وسائل میں مسائل کو کیسے حل کیا جا سکتا ہے، اراکین اسمبلی کا عوام سے رابطہ جاری رہنا چاہیے، اراکین اسمبلی کو عوام کو وقت دینا پڑے گا، ہمیں محدود وسائل سے گورننس کو بہتر کرنا ہو گا۔

انہوں نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کیا کر رہا ہے کیا نہیں اس سے غرض نہیں، ہمیں عوامی مسائل حل کرنے چاہئیں، وزیراعلیٰ چیک کریں وزرا آفس آتے ہیں یا نہیں، تمام وزرا کی کارکردگی کی رپورٹ لوں گا، ہر چھ ماہ میں کابینہ کی کارکردگی کا جائزہ لوں گا، تمام منسٹرز عوام سے رابطوں کو یقینی بنائیں۔

یہ بھی پڑھیں: وزیرداخلہ محسن نقوی کی اطالوی ہم منصب سے ملاقات، مشترکہ تعاون پرتبادلہ خیال

بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ الیکشن کو کئی ماہ گزر گئے اپنے ارکان پارلیمنٹ میں سستی دیکھ رہا ہوں، مجھے اپنے ارکان اسمبلی میں سستی نظر آ رہی ہے، عوام کو اس بار پیپلزپارٹی سے تاریخی توقعات ہیں، ارکان پارلیمنٹ کو فعال ہونا ہوگا، آپس کی لڑائیوں کی وجہ سے پرفارمنس میں فرق نہیں پڑنا چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ اب ہمیں ٹرانسفر، پوسٹنگ کی سیاست ختم کرنا ہوگی، اسلام آباد میں نفرت کی سیاست چل رہی ہے، ایسی سیاست سے پورا ملک مایوس ہے، ہمیں عوام کی آواز بننا ہوگا، چیف منسٹر سے 5 سالہ پروگرام شیئر کیا ہے، 5 سالہ پروگرام پرعملدرآمد کرانا نمبرون ترجیح ہے۔

بلاول بھٹو نے کہا کہ غریب عوام کو سولر کے ذریعے سستی بجلی فراہم کریں گے، ہم پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے ذریعے سولر پارکس بنائیں گے، ہم نے مزدور کارڈ شروع کیا ہے، کارکردگی بہتر کرنے کے لیے ہر جگہ اچھے افسر لگائے جائیں، وزرا محنت کریں تاکہ عوام کو ہمارا کام نظر آئے۔

چیئرمین پیپلز پارٹی نے کہا کہ حالیہ سیلاب سے متاثرہ علاقوں کے لیے وفاقی حکومت نے بجٹ میں پیسے رکھنے کا وعدہ کیا ہے، امید ہے وفاقی حکومت اپنا وعدہ پورا کرے گی، جانتا ہوں شہباز شریف اپنا وعدہ پورا کرینگے۔

یہ بھی پڑھیں: ہمیں ماضی کوبھلا کر آگے بڑھنا چاہیے : وزیراعظم شہبازشریف

انہوں نے کہا کہ سندھ پولیس پر پورا بھروسہ ہے، سندھ پولیس نے دہشت گردوں کا مقابلہ کیا، جب اقتدار سنبھالا تو سندھ کے بہت سے علاقوں میں اغوا برائے تاوان کی وارداتیں عروج پر تھیں، سندھ پولیس نے ایسے واقعات پر قابو پایا، امن وامان کی صورتحال متاثر ہوئی ہے، امید ہے نئے ہوم منسٹران گروپس کو ٹارگٹ کریں گے۔

بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ ریاستی پالیسی کی وجہ سے جرائم پیشہ افراد کے پاس جدید ہتھیار آگئے ہیں، سندھ پولیس ان جرائم پیشہ افراد پر قابو پالے گی، مجھے سندھ پولیس پر مکمل بھروسہ ہے، اگر کوئی آفیسر بدنامی کا باعث بن رہا ہے تو اس مسئلے کو حل کرنا چاہئے۔

چیئرمین پیپلز پارٹی نے کہا کہ کرپشن کو سیاسی مخالفین کے خلاف کارروائیوں کے لیے استعمال کیا جاتا ہے، سندھ میں دنیا کا سب سے بڑا ہاؤسنگ کا منصوبہ جاری ہے، وفاق سے فنڈز نہ ملنے سے ہاؤسنگ کا منصوبہ متاثر ہو رہا ہے۔