وزیراعلیٰ پنجاب اور نواز شریف سے اماراتی سفیر کی ملاقات، دوطرفہ تعلقات پر تبادلہ خیال

Published On 06 June,2024 02:48 pm

لاہور: (دنیانیوز) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز اور مسلم لیگ ن کے صدر میاں نواز شریف سے متحدہ عرب کے سفیر حماد عبید ابراہیم الزابی نے ملاقات کی۔

لیگی صدر میاں نواز شریف، وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز اور اماراتی سفیر کے درمیان ہونے والی ملاقات میں متحدہ عرب امارات کی جانب سے پاکستان میں سرمایہ کاری کے اعلان کو سراہا گیا، مریم نواز اور میاں نواز شریف نے یو اے ای کی جانب سے 10 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کے اعلان پر اماراتی سفیر کا شکریہ ادا کیا۔

ملاقات میں دوطرفہ تعلقات کے فروغ پر تبادلہ خیال کیا گیا جبکہ زرعی تحقیق، ٹیکنالوجی اور تجارت سمیت مختلف شعبوں میں تعاون کے فروغ پر بھی گفتگو ہوئی۔

اس موقع پر زرعی پیداواری صلاحیت بڑھانے اور غذائی تحفظ کے فروغ کیلئے اشتراک پر اتفاق ہوا جبکہ لائیو سٹاک ڈویلپمنٹ اور ڈیری فارمنگ میں معاونت کے امکانات کا بھی جائزہ لیا گیا اور ٹیکسٹائل، فارماسیوٹیکل و دیگر صنعتی شعبوں میں سرمایہ کاری کو فروغ دینے پر غور ہوا۔

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کا کہنا تھا کہ متحدہ عرب امارات کے ساتھ تعلقات باہمی احترام اور اعتماد پر مبنی ہیں۔

سابق وزیراعظم و صدر مسلم لیگ ن میاں نواز شریف کا کہنا تھا کہ پاکستان اورمتحدہ عرب امارات کے تعلقات بھائیوں جیسے ہیں۔