کابینہ کا حصہ نہیں بننے جا رہے، حکومت چاہتی ہے پی پی احتجاج کرے: شازیہ مری

Published On 11 June,2024 10:00 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) پیپلز پارٹی کی ترجمان شازیہ مری نے کہا ہے کہ ہم کابینہ کا حصہ نہیں بننے جا رہے، حکومت چاہتی ہے کہ پی پی احتجاج کرے۔

پریس کانفرنس کرتے ہوئے پیپلزپارٹی کی ترجمان شازیہ مری نے کہا کہ پی پی کی پارلیمانی پارٹی کا اجلاس منعقد ہوا ہے، کل قومی بجٹ پیش ہو رہا ہے، بجٹ پر بحث کے لئے اجلاس منعقد ہوا، بلاول بھٹو کی زیر صدارت ارکان اسمبلی نے پارٹی قیادت کو تحفظات سے آگاہ کیا۔

انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت کے پی پی سے رویے کی وجہ سے ہمیں دشواریاں سامنے آ رہی ہیں، کسان کو ریلیف نہ ملے تو ہمیں سامنا کرنا پڑتا ہے، حیرت انگیز بات ہے کہ وفاقی حکومت نے جن باتوں کا معاہدہ کیا تھا اس پر عمل نہیں کیا، بجٹ میں پی پی کو اعتماد میں نہیں لیا گیا۔

یہ بھی پڑھیں: آئی ایم ایف اور چین کیساتھ معاہدوں سے لاعلم، بجٹ پر بھی اعتماد میں نہیں لیا گیا، خورشید شاہ

شازیہ مری نے کہا کہ کوشش کی تھی کہ اس نہج پر وقت نہ آئے، چیئرمین پیپلز پارٹی نے حکومت کے ساتھ بات کی مگر ہماری توقع کے مطابق نتائج نہیں آئے، این ای سی کا اجلاس پہلے ہونا چاہئے تھا، سندھ کے وزیراعلیٰ نے اپنا کیس این ای سی میں لڑا ہے، بلوچستان اور پنجاب کو کیا دیا ہے۔

ترجمان پیپلز پارٹی نے کہا کہ ہم ایک سیاسی جماعت ہیں، اپنے منشور کی روشنی میں اِن پُٹ دیں گے، کیا یہ حکومت چاہتی ہے کہ پی پی احتجاج کرے، اب حکومت کو دیکھنا ہے اور ذمہ داری بھی اسی کی ہے، ہمیں لگ رہا تھا کہ شہباز شریف کو ہمارا ادراک ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ ہمیں سولر انرجی میں کوئی چیز نظر نہیں آ رہی، کل اڑھائی بجے ایک اور اجلاس ہوگا، حکومت کو سپورٹ کیا ہے حکومت کو چاہیے کہ وہ سمجھے، پی پی کو اپنے لوگوں کو جواب دینا پڑتا ہے، پنجاب سے ارکان نے بہت تحفظات کا اظہار کیا ہے، چیئرمین اپنی جماعت کے لوگوں کو سنیں گے۔