منظور وسان کی شہبازشریف کے قومی اسمبلی تحلیل کرنے کی پیشگوئی

Published On 09 June,2024 02:24 pm

خیرپور: (دنیا نیوز) پاکستان پیپلزپارٹی کے سینئر رہنما منظور وسان نے ایک بار پھر اہم پیشگوئی کر دی۔

خیرپور کے علاقے کوٹ ڈیجی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے منظور وسان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم شہباز شریف کیلئے تین مہینے اہم ہیں، یہی وزیر اعظم قومی اسمبلی تحلیل کریں گے جس کے بعد کوئی اور وزیراعظم ہو سکتا ہے، صوبائی اسمبلیاں رہیں گی لیکن قومی اسمبلی تحلیل ہو سکتی ہے دوبارہ الیکشن ہونگے۔

انہوں نے کہا کہ حالات تین مہینے میں کچھ بھی ہوسکتے، ملک میں مہنگائی کم ہو رہی ہے۔

بانی پی ٹی آئی کے حوالے سے منظور وسان کا کہنا تھا کہ سائفر کیس میں بانی تحریک انصاف عمران خان کو عارضی ریلیف ملا ہے، کوئی خوش فہمی میں نہ رہے یہ حالات ملک اور عمران خان کیلئے اچھے نہیں۔

انہوں نے قومی کرکٹ ٹیم سے متعلق بات کرتے ہوئے کہا کہ پاکستانی ٹیم عرصہ سے اب تک کون سی ٹیم سے جیتی ہے اس میں تھوڑا محنت کی ضرورت ہے، امریکہ نے پہلی بار انٹرنیشنل ایونٹ کرکٹ میں حصہ لیا اور پاکستان کو شکست دے دی یہ افسوس کی بات ہے۔

رہنما پیپلز پارٹی کا کہنا تھا کہ افسوس ہے کسانوں کو گندم کا جو ریٹ ملنا چاہیے تھا وہ نہیں مل رہا، گندم سکینڈل میں نگران حکومت نے زیادہ مقدار میں گندم کیوں خریدی؟