اسلام آباد: (دنیا نیوز) پاکستان تحریک انصاف کے سینیٹر شبلی فراز نے کہا کہ پی ٹی آئی موجودہ وفاقی بجٹ کو عوام کیلئے زہر قاتل سمجھتی ہے۔
سینیٹ اجلاس میں اظہار خیال کرتے ہوئے سینیٹر شبلی فراز کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی بطور سیاسی جماعتوں میں پاکستان کی سب سے بڑی جماعت ہے، اس بجٹ کو عوام کیلئے زہر قاتل سمجھتے ہیں، پاکستان کے عوام ایک طرف اور اشرافیہ دوسری طرف کھڑی ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کی سیلری کلاس پر ٹیکس کا بوجھ بڑھا دیا گیا، مسلم لیگ ن اور پیپلز پارٹی اشرافیہ کے نمائندے ہیں، آئی ٹی کی ایکسپورٹ پر بھی ٹیکس کا وار کیا گیا ہے۔
رہنما پی ٹی آئی کا کہنا تھا کہ بجٹ میں کوئی اکنامک وژن نظر نہیں آیا، جن کی 50 ہزار تنخواہ ہے یا اس سے اوپر ان کا جینا ہی حرام ہوگیا، ایسے شعبوں پر ٹیکس لگایا گیا جس سے معیشت مزید پیچھے جائے گی، نظر یہی آ رہا ہے ہمارا سفر نیچے کی جانب گامزن ہے۔
شبلی فراز نے کہا کہ بھارت نے ہمیں طعنہ دیا کہ پہلے ہاتھ میں بم لے کر پھرتے تھے اب کشکول لیکر مارے پھر رہے ہیں، بھارت کے بیان سے پاکستانی قوم کی دل آزاری ہوئی ہے، بجٹ کی آمدن کا ہدف خوش خیالی پر مبنی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ہماری اشرافیہ کی صرف دبئی میں 11 ارب ڈالر کی پراپرٹیز ہیں، باقی ممالک میں جو ان کی پراپرٹیز ہیں وہ ایک طرف، اس ملک کی اشرافیہ بہت کم تعداد میں ہے لیکن اپنا تسلط قائم کیا ہوا، 225 ملین عوام پر اشرافیہ نے اپنا تسلط قائم کیا ہوا ہے۔