پشاور: (دنیا نیوز) وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے فرنٹیئر کانسٹیبلری کے شب قدر قلعہ کا دورہ کیا اور مختلف قدیم حصے دیکھے۔
اس موقع پر کمانڈنٹ ایف سی معظم جاہ انصاری نے قلعہ اور زنجیروں میں جکڑے دروازوں کے تاریخی پس منظر کے بارے بریفنگ دی۔
وفاقی وزیر داخلہ نے زنجیروں میں جکڑے قلعہ کے اصلی و قدیمی دروازوں میں گہری دلچسپی کا اظہار کیا۔
محسن نقوی نے برطانیہ کے سابق وزیر اعظم سر ونسٹن چرچل کا مجسمہ اور 1837 میں تعمیر ہونے والا دیار کی لکڑی کا ریسٹ ہاؤس بھی دیکھا، ریسٹ ہاؤس میں سر ونسٹن چرچل نے ستمبر 1897 میں قیام کیا تھا۔
انہوں نے تاریخی قلعہ کی دیکھ بھال پر کمانڈنٹ ایف سی اور ان کی ٹیم کی کارکردگی کو سراہا۔
محسن نقوی کا کہنا تھا کہ قلعہ ایک تاریخ سموئے ہوئے ہے، فرنٹیئر کانسٹیبلری کی پشاور سمیت خیبر پختونخوا میں قیام امن کیلئے گراں قدر خدمات ہیں، ایف سی کے افسروں اور جوانوں نے دہشتگردی کے خلاف جنگ میں بہادری کی داستانیں رقم کی ہیں، قوم کو ایف سی کے جری سپوتوں پر ناز ہے۔
بعدازاں وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے وزیٹرز بک میں تاثرات بھی درج کئے۔