لاہور: (دنیا نیوز) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے عید الاضحیٰ کے موقع پر الائشوں کو بروقت ٹھکانے لگانے کا حکم دے دیا۔
وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کی زیر صدارت اجلاس ہوا جس میں عید الاضحیٰ کی تیاریوں اور دیگر امور کا جائزہ لیا گیا، اجلاس میں صوبائی سیکرٹریز، پولیس اور انتظامیہ کے اعلیٰ حکام شریک ہوئے۔
مریم نواز نے عید الاضحیٰ پر الائشوں کی بروقت صفائی اور مویشی منڈیوں میں دھوپ سے بچاؤ کے لئے شیڈز، ڈاکٹرز کی موجودگی یقینی بنانے اور پانی سمیت دیگر ضروری سہولیات کی دستیابی کی ہدایت کی۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ بڑی عید پر صفائی کا معیار وہی ہونا چاہیے جو وزیراعلیٰ شہبازشریف کے دور میں تھا۔
انہوں نے تعطیلات کے دوران نہروں پر عوام کی جان کی حفاظت کیلئے لائف گارڈز کی تعیناتی، شہروں میں ٹریفک کا مؤثر پلان بنانے اور عوام کو ٹریفک جام سے بچانے کے لئے اقدامات کرنے کی بھی ہدایت کی۔
وزیراعلیٰ مریم نواز نے گزشتہ روز ٹھوکر نیاز بیگ پر شدید ٹریفک جام کا بھی سخت نوٹس اور برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ دوبارہ ایسی صورتحال پیدا نہ ہو۔
انہوں نے صوبہ بھر میں امن وامان یقینی بنانے کے لئے بھی سخت اقدامات کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ تعطیلات کے دوران بھی تمام صورتحال کی ذاتی طورپر نگرانی کروں گی۔