لاہور: (دنیا نیوز) پاکستان میں عید الاضحیٰ کا پہلا روز شدید گرم رہے گا، محکمہ موسمیات نے شہریوں کو خبردار کر دیا۔
تفصیلات کے مطابق ملک بھر میں سورج عید کے پہلے روز آگ برسانے کو تیار ہے، محکمہ موسمیات نے ملک بھر کے شہریوں کو خبردار کرتے ہوئے کہا ہے کہ آئندہ چوبیس گھنٹوں میں موسم شدید گرم رہنے کا امکان ہے، سب سے زیادہ درجہ حرارت سبی میں 49 سینٹی گریڈ رہے گا۔
وفاقی اور صوبائی دارالحکومتوں کا پارہ بھی ہائی رہنے کا امکان ہے، لاہور 45، اسلام آباد 44، پشاور 43، کراچی کا درجہ حرارت 37 ڈگری سینٹی گریڈ تک ہو سکتا ہے، نوکنڈی میں 45 ڈگری سینٹی گریڈ تک جانے کا امکان ہے اس کے علاوہ جنوبی پنجاب اور ملک کے دیگر حصے بھی گرمی کی لپیٹ میں رہیں گے۔
گرمی بڑھنے پر سندھ حکومت نے ساحل کے اردگرد کے علاقوں میں دفعہ 144 نافذ کر دی ہے، کراچی اور دیگر علاقوں کے شہری عید کی چھٹیوں کے دوران ساحل سمندر پر نہیں جا سکیں گے، پولیس حکام نے شہریوں کو اپیل کرتے ہوئے کہا ہے کہ چھٹیوں کے دوران ساحل سمندر کا رخ کرنے سے گریز کریں۔