اسلام آباد: (حریم جدون) وفاقی دارالحکومت اسلام آباد اور راولپنڈی میں بچوں نے قربانی کے جانوروں کو سجانے سنوارنے کیلئے مختلف سٹالز کا رخ کر لیا۔
کوئی بکروں کے پاؤں میں کڑے پہنا رہا ہے تو کوئی گردن میں گھنٹیاں باندھ رہا ہے اور ساتھ ہی بچوں کو قربانی کے بعد جانوروں سے بچھڑنے کا غم بھی ستا رہا ہے۔
بچے اپنے قربانی کے جانوروں کو سجانے کیلئے سٹالز سے مختلف اشیاء کی خریداری میں مصروف ہیں، ہر کوئی اپنے جانور کو دوسرے سے زیادہ سنوارنے کے جتن میں لگا ہوا ہے۔
دوسری جانب عید قرباں میں ایک روز باقی رہ گیا اور بڑی عید کیلئے سجائی جانے والی مویشی منڈیوں میں خرید و فروخت تیز ہوگئی۔
مہنگائی کے سبب منڈیوں میں جانوروں کی قیمتیں آسمان کو چھونے لگی ہیں، بیوپاریوں اور خریداروں میں بحث و تکرار کا سلسلہ بھی جاری ہے، منڈی میں کہیں تو بیوپاریوں کے سارے جانور بک گئے ہیں تو کہیں کچھ بیوپاری اب بھی گاہکوں کے انتظار میں ہیں۔