سکھر : (دنیانیوز) پیپلز پارٹی رہنماسید خورشید شاہ نے کہا ہے کہ اپوزیشن اور حکومت سے اپیل کروں گا کہ ملک کے خاطر مسائل کو مل بیٹھ کر حل کریں۔
پیپلز پارٹی رہنماسید خورشید شاہ نے اپنی رہائش گاہ پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ عالم اسلام کو عید کی مبارک باد دیتا ہوں، دعا گو ہیں ملک کیلئے عالم اسلام کیلئے ہم وہ فیصلے کریں جس سے امت مسلمہ آگے بڑھے، اپوزیشن اور حکومت سے اپیل کروں گا ملک کے خاطر مسائل کو مل بیٹھ کر حل کریں۔
ان کاکہنا تھا کہ ہم سب کو سوچنا چاہئے کہ ہمارا اصل ٹارگٹ کیا ہے،پاکستان مضبوط اور مستحکم ہو، ہم دنیا سے بہت آگے تھے مگر آج مجبور اور مظلوم ہیں، پاکستان وہ ملک تھا جو دنیا کی عالم اسلام کی مدد کرتا تھا، آج ہمیں کیا ہوگیا ہے کہ ہم دنیا کی طرف دیکھ رہے ہیں ، اگر ہم اتحاد سے چلیں گے تو ہمارے ملک میں بہت کچھ ہے۔
خورشید شاہ نے کہا کہ ہمیں کشکول پھیلانے کے بجائے اپنے کندھوں پر آگے بڑھنا چاہئے، ہماری اکانومی زراعت پر چلتی ہے،زراعت مستحکم ہوگی تو پاکستان مستحکم ہوگا، سڑکوں پر احتجاج سے کچھ نہیں ہوگا ہمیں پارلیمنٹ میں بھرپور احتجاج کرنا چاہئے۔
رہنما پی پی پی نے کہا کہ فلسطین پر ہم پتہ نہیں کیوں خاموش ہیں، اسرائیل کی مدد امریکہ، یو کے اور یورپی ممالک کررہے ہیں اور ہم خاموش ہیں، ہم ڈیڑھ ارب سے زائد مسلمان ہیں مگر فلسطین کو تنہا چھوڑ دیا ہے۔