اسلام آباد: (ویب ڈیسک) وزیراعظم محمد شہبازشریف اور ملائیشیا کے وزیراعظم داتوک سیری انور ابراہیم کے درمیان عید الاضحیٰ کے موقع پر ٹیلیفونک رابطہ ہوا۔
دونوں رہنماؤں نے عیدالاضحیٰ کی مبارکباد کا تبادلہ کیا، دونوں رہنماؤں نے پاکستان اور ملائیشیا کے درمیان باہمی دلچسپی کے تمام شعبوں بالخصوص تجارت اور سرمایہ کاری میں تاریخی تعلقات کو مزید وسعت دینے کے عزم کا اعادہ کیا۔
وزیراعظم نے ملائیشیا کے برادرانہ عوام اور امت مسلمہ کی خوشحالی اور ترقی کے لئے نیک تمناؤں اور دعاؤں کا اظہار کیا، غزہ میں جاری بحران پر گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم نے ملائیشین وزیراعظم انور ابراہیم کی قیادت میں فلسطینی کاز کے لئے ملائیشیا کے اصولی اور مستقل مؤقف کو سراہا۔
دونوں رہنماؤں نے غزہ میں مستقل جنگ بندی کے لئے کوششوں میں اضافہ اور معصوم فلسطینی بھائیوں کو ضروری امداد کی فراہمی کو یقینی بنانے پر اتفاق کیا، پاکستان اور ملائیشیا کے درمیان قریبی اور خوشگوار تعلقات کے حوالہ سے وزیراعظم نے دوطرفہ تعلقات کی رفتار پر اطمینان کا اظہار کیا، دونوں رہنماؤں نے اپنے تعلقات کو مزید مضبوط بنانے پر اتفاق کیا۔
وزیراعظم نے دورہ پاکستان کی دعوت کو قبول کرنے پر وزیراعظم انور ابراہیم کا شکریہ ادا کیا۔