فرسودہ نظام انصاف کو تبدیل کرنا سب کی ذمہ داری ہے: اعظم نذیر تارڑ

Published On 21 June,2024 12:16 pm

راولپنڈی :(دنیا نیوز)وفاقی وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ نے کہا ہے کہ عدلیہ سے گزارش کروں گا انصاف تول کر کریں،فرسودہ نظام انصاف کو تبدیل کرنا سب کی ذمہ داری ہے۔

وفاقی وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ نے راولپنڈی میں تعزیتی ریفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ لوگوں کو انصاف کی فراہمی کے لیے کردار ادا کریں گے، فرسودہ نظام انصاف میں تبدیلی کے لیے بار کونسل سے بھی تجاویز لیں گے۔

انہوں نے کہا کہ ہم نے جنگی بنیادوں پر فوجداری قوانین پر کام کیا، فرسودہ نظام انصاف میں بہت سی اصلاحات ہونا ہیں اور سب کی ذمہ داری ہے کہ فرسودہ نظام انصاف کو تبدیل کریں۔

اعظم نذیر تارڑ کا کہنا تھا کہ اٹک کچہری میں وکلا کا قتل ہمارے لیے ٹیسٹ کیس اور حکومت کیلئے چیلنج ہے،انصاف ہوگا بھی اور ہوتا ہوا نظر آئے گا، ہم کسی کے ساتھ ناانصافی نہیں کریں گے چاہے وہ ملزم ہے،وکلا کے قتل میں ملوث ملزم گرفتار ہوچکا ہے۔

وفاقی وزیر کا مزید کہنا تھا کہ عدلیہ سے گزارش کروں گا انصاف تول کر کریں، عدلیہ وکلا کو گلے سے لگا کر رکھے، وکلا دہشتگرد نہیں ہیں،فساد پیدا کرنے والے نہیں ہیں، وکلا پر دہشتگردی کے پرچے درج کرانا عدلیہ کے شایان شان نہیں، جب تک میں ہوں،وکلا پر اب دہشتگردی کا مقدمہ نہیں ہوا۔