سینیٹ اجلاس: سود کے خلاف علامتی تھپڑ مار کر سینیٹر عبدالشکورکا انوکھا احتجاج

Published On 13 June,2024 06:08 pm

اسلام آباد :(دنیا نیوز ) سینیٹر عبدالشکور نے سود کے خلاف علامتی تھپڑ مار کر انوکھا احتجاج ریکارڈ کرایا۔

سینیٹ اجلاس میں اظہار خیال کرتے ہوئے سینیٹر عبدالشکور نے کہا کہ آج ایک ہندو رکن نے سود کے خلاف اللہ کا حکم سنایا، میں خود کو علامتی تھپڑ مارتا ہوں۔

سینیٹر عبدالشکور نے اپنے منہ پر تھپڑ مارتے ہوئے کہا کہ ہمیں اللہ کے حکم کی عدولی نہیں کرنی چاہیے، اللہ کی حکم عدولی سے اللہ کی ہمارے ساتھ جنگ ہے، ہمیں معاشی نطام میں فوری طور پر سود جیسے ناسور کا خاتمہ کرنا ہوگا۔

واضح رہے کہ 28 اپریل 2022 کو وفاقی شرعی عدالت نے ملک میں رائج سودی نظام کے خلاف درخواستوں پر 19 سال بعد فیصلہ سناتے ہوئے اسے غیر شرعی قرار دیا تھا اور حکومت کو ہدایت کی تھی کہ تمام قرض سود سے پاک نظام کے تحت لیے جائیں اور دسمبر 2027 تک معاشی نظام کو سود سے پاک کیا جائے، جس پر تاحال عمل درآمد نہ ہوسکا۔