سندھ کابینہ نے بجٹ تجاویز 25-2024 کی منظوری دے دی

Published On 14 June,2024 11:09 am

کراچی: (دنیا نیوز) سندھ کابینہ نے بجٹ تجاویز 25-2024 کی منظوری دے دی۔

وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کی زیر صدارت ہونے والے کابینہ کے پری بجٹ اجلاس میں نئے مالی سال 25-2024ء کی منظوری دی گئی۔

اجلاس میں صوبائی وزراء، مشیران، چیف سیکرٹری، چیئرمین پی اینڈ ڈی، سیکرٹری خزانہ اور دیگر متعلقہ افسران شریک ہوئے۔

دوران اجلاس سندھ کے سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں 22 سے 30 فیصد اضافہ تجویز کیا گیا ہے، گریڈ 1 تا 6 کے سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں 30 فیصد جبکہ گریڈ 7 سے 16 کے ملازمین کی تنخواہوں میں 25 فیصد اضافے کی تجویز ہے۔

بجٹ میں پنشنرز کیلئے 15 فیصد اضافے کی تجویز ہے، مزدور کی کم از کم اجرت 37 ہزار روپے کرنے کی تجویز ہے۔

اس موقع پر وزیر اعلیٰ سندھ کا کہنا ہے کہ چیئرمین بلاول بھٹو کے 10 نکات پر عملدرآمد کے حساب سے بجٹ بنایا گیا ہے، بلاول بھٹو کے انتخابات میں کئے گئے وعدوں پر عملدرآمد کا وقت شروع ہو رہا ہے،غربت کے خاتمے اور عوام کو سہولیات فراہم کرنے کی تجاویز ہیں۔