پنجاب حکومت نے تاریخی عوام دوست بجٹ پیش کیا: مریم اورنگزیب

Published On 14 June,2024 11:43 am

لاہور: (دنیا نیوز) سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ پنجاب حکومت نے کل تاریخی عوام دوست اور ٹیکس فری بجٹ پیش کیا۔

لاہور میں پوسٹ بجٹ پریس کانفرنس کرتے ہوئے مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ یہ بجٹ کیش بیک بجٹ ہے، یہ پچھلے ادوار کی طرح نہیں ہے، وزیراعظم نے 12 تاریخ کو وفاق میں بجٹ پیش کیا، کل وزیراعلیٰ مریم نواز نے پنجاب کا ٹیکس فری بجٹ پیش کیا۔

’مریم نواز محنت کر کے معیشت کی سمت درست کر رہی ہیں‘

انہوں نے بتایا کہ بجٹ کی صورت میں ایک پالیسی اسٹیٹمنٹ دی گئی،مشکل فیصلے لے کر عوام اور معیشت کو استحکام دینا ہے، وزیراعلیٰ مریم نواز دن رات محنت کر کے معیشت کی سمت درست کر رہی ہیں، ہم نے ایسا کوئی کام نہیں کیا کہ پچھلی حکومتوں کی تختیاں اتار کر اپنی لگائی جائیں۔

لیگی رہنما کا کہنا تھا کہ ڈیڈ سکیم بہت سالوں سے چلتی آ رہی تھیں، بجٹ میں صحت اور تعلیم کو ترجیح دی گئی ہے، کلینک آن وہیلز سے 6 لاکھ سے زائد لوگ مستفید ہوئے، فیلڈ ہسپتالوں سے بھی ہزاروں لوگوں نے فائدہ اٹھایا ہے، بیسک ہیلتھ یونٹس اور صحت کی دیگر سہولیات کی مکمل تعمیر نو بھی اس بجٹ میں شامل ہے۔

یہ بھی پڑھیں:مالی سال 25-2024 کیلئے پنجاب کا 5 ہزار 446 ارب روپے کا ٹیکس فری بجٹ پیش

مریم اورنگزیب نے کہا کہ تعلیم میں پہلی بار ٹیچر ٹریننگ، تعلیمی کوالٹی پر انحصار زیادہ ہے، تعلیم کے شعبے میں پرائیویٹ سیکٹر کی پارٹنر شپ سے ایک منصوبہ تشکیل دیا گیا ہے، کسان کارڈ بلاسود قرض سکیم شروع کی گئی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ڈویلپمنٹ سائیڈ پر ٹریکٹر کے اوپر ایڈوانس مشینری کیلئے بجٹ میں پیسے رکھے ہیں، سولر ٹیکنالوجی میں بھی ڈویلپمنٹ سائیڈ پر بجٹ رکھا گیا ہے، تمام صوبوں میں بلاتفریق سالڈ ویسٹ مینجمنٹ کا اینڈ ٹو اینڈ منصوبہ لایا جا رہا ہے، بجٹ میں سالڈ ویسٹ مینجمنٹ کیلئے 120بلین رکھے گئے ہیں۔

’سموگ لیس لاہور کا ایک پلان تمام سیکٹر سے ملکر بنایا گیا ہے‘

انہوں نے بتایا کہ وائلڈ لائف، فشریز اور فاریسٹ کیلئے 17 بلین سے 25 بلین کا اضافہ کیا گیا ہے، لاہور کے شہریوں کا علم ہے کہ سموگ ایک بڑا مسئلہ ہے، سموگ لیس لاہور کا ایک پلان تمام سیکٹر سے مل کر بنایا گیا ہے۔

سینئر صوبائی وزیر کا کہنا تھا کہ پنجاب میں سوشل اکنامک رجسٹری کے تحت ٹارگٹڈ منصوبہ بندی کا عمل شروع ہوگیا ہے، ہمیں گزشتہ 3 ماہ میں مہنگائی میں کمی دیکھنے میں ملی، پنجاب میں پنشن میں 17 فیصد اضافے کی منظوری دی ہے، کم از کم تنخواہ کو 37 ہزار روپے کیا گیا ہے۔

’شہبازشریف کی گزشتہ حکومت میں ملک کو ڈیفالٹ سے بچایا گیا‘

لیگی رہنما نے کہا کہ شہبازشریف کی گزشتہ حکومت میں ملک کو ڈیفالٹ سے بچایا گیا، ہمیں معلوم تھا الیکشن میں جا رہے تھے لیکن معیشت کے ساتھ کھلواڑ نہیں کیا، آج پاکستانی معیشت استحکام کی جانب بڑھ رہی ہے، صحافی برادری کیلئے ایک بلین کی فنڈنگ رکھی گئی ہے۔

مریم اورنگزیب کا مزید کہنا تھا کہ اس بجٹ میں کوئی ٹیکس نہیں لگایا گیا ہے، پچھلے دنوں سے وفاق اور پنجاب کے بجٹس پر تنقید ہو رہی ہے مگر ہم نے درست فیصلے کر کے ہی ملک کو ڈیفالٹ سے بچایا ہے۔