لاہور:(دنیا نیوز) صوبائی وزیر خوراک بلال یاسین نے پنجاب کی تاریخ کے بہترین بجٹ پیش کرنے پر وزیر اعلیٰ پنجاب کو مبارکباد دی۔
صوبائی وزیر خوراک بلال یاسین کا کہنا تھا کہ مشکل ترین حالات میں وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی قیادت میں عوام کو ریلیف فراہم کیا گیا، عوام کو مہنگائی میں مزید کمی کی نوید تازہ ہوا کا جھونکا ہے، گندم کے ذخائر کو مدنظر رکھتے ہوئے تمام توجہ براہ راست کسان کو ریلیف فراہم کرنے پر رکھی گئی۔
انہوں نے کہا کہ کسان اور زراعت کیلئے 64 ارب 60 کروڑ روپے کی خطیر رقم مختص کرنا خوش آئند ہے، کسان کارڈ سے 5 لاکھ کسانوں کو 75 ارب روپے کے بلاسود قرضہ جات کی فراہمی مثالی اقدام ہے، اولین 100 دنوں میں جعلسازوں اور ملاوٹ مافیا کے خلاف جہاد شروع کیا۔
بلال یاسین کا مزید کہنا تھا کہ فوڈ انڈسٹری میں نئے رحجانات کو متعارف اور فوڈ سیفٹی قوانین پر مزید کام کر رہے ہیں، 100 یونٹس صرف غریب کا بل ہے، مفت سولر پینل کی فراہمی خوش آئند اقدام ہے، 842 ارب روپے کا ریکارڈ ترقیاتی بجٹ خوشحالی کے سفر کا آغاز ہے، عوام کی فلاح و بہبود کے منصوبوں کی بروقت پایہ تکمیل ہماری حکومت کا خاصا رہا ہے۔