عمر ایوب نے سائیکل اور شیر کے نشان پر الیکشن لڑا ہے، خواجہ آصف

Published On 20 June,2024 10:38 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ عمر ایوب نے سائیکل اور شیر کے نشان پر الیکشن لڑا ہے، ان کے والد اس ہاؤس کے سپیکر تھے اور انہیں نواز شریف نے سپیکر بنایا گیا۔

قومی اسمبلی میں اظہار خیال کرتے ہوئے وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا کہ آج سے 20 سال قبل مجھے یاد ہے یہ کیا تقریریں کرتے تھے، پہلے کی تقریریں دیکھیں تو پتا چلے گا کہ یہ نوازشریف، شہباز، شوکت عزیز وغیرہ کی کتنی تعریف کرتے تھے۔

خواجہ آصف نے کہا کہ ہم نے بہت تحمل اور اطمینان سے اپوزیشن لیڈر کی تقریر سنی، عمرایوب ق لیگ اور ن لیگ کا حصہ رہے ہیں، عمرایوب نے مختلف سیاسی جماعتوں میں شمولیتیں اختیار کیں، گوہر ایوب ن لیگ کی جانب سے سپیکر قومی اسمبلی رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ایوب خان نے کروڑوں لوگوں کو ووٹ سے محروم کر دیا تھا، یہ کہتے ہیں شہدا، ملک اور فوج ہماری ہے، ملکی تاریخ میں’’ون مین ون ووٹ‘‘ کا حق ایوب خان نے عوام سے چھینا تھا۔

وزیر دفاع نے کہا کہ ان لوگوں نے شہدا کی یادگاروں کی بےحرمتی کی، اگر یہ 9 مئی کی مذمت کرتے ہیں تو اچھی بات ہے، پی ٹی آئی والے اب اپنے ٹریک سے ہٹ رہے ہیں، پاکستان کے عوام دیکھ رہےہیں کہ یہ لوگ کیا کر رہے ہیں، ڈیڑھ سال کچھ نہیں بنا تو آج ترلوں پر آگئے ہیں۔

خواجہ آصف نے کہا کہ وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کو بتایا گیا کہ صوبے میں کہاں کہاں بجلی چوری ہو رہی ہے، خیبرپختونخوا کے بڑے شہروں میں 80 فیصد تک بجلی چوری ہو رہی ہے۔