لاہور: (دنیا نیوز) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز اور صدر مسلم لیگ ن میاں نواز شریف سے ایران کے سفیر ڈاکٹر رضا امیری مغدام نے ملاقات کی۔
جاتی امراء رائیونڈ میں ہونے والی ملاقات کے دوران باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا، ملاقات میں تجارتی، ثقافتی، اقتصادی اور سماجی تعلقات پر بھی گفتگو ہوئی۔
تینوں رہنماؤں نے پاک ایران بارڈر آف سکیورٹی کو بارڈر آف اکانومی بنانے کی تجویز پر اصولی اتفاق کیا، ملاقات میں ایران اور پنجاب کے درمیان زراعت، لائیوسٹاک اور دیگر شعبوں میں تعاون کے امکانات جائزہ لیا گیا۔
اس موقع پر ایران کی جانب سے پنجاب سے گوشت کی امپورٹ 40فیصد سے 70فیصد تک بڑھانے پر اتفاق ہوا جبکہ پاکستان اور ایران کے درمیان باہمی تجارت 10ارب ڈالر تک بڑھانے کے معاہدے میں پنجاب کے تجارتی کردار پر تفصیلی گفتگو ہوئی۔
ملاقات میں اصفہان،مشہد اور لاہور کے جڑواں شہروں کے ثقافتی روابط کومزید بڑھانے پر بھی اتفاق ہوا۔
ملاقات کے دوران پنجاب میں فارسی زبان کے فروغ کے لئے مختلف تجاویز پر بھی غور کیا گیا جبکہ ایرانی سفیر ڈاکٹر رضا امیری مغدام نے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کو دورہ ایران کا تحریر ی دعوت نامہ پیش کیااور سابق وزیراعظم نواز شریف کو بھی دورہ ایران کی دعوت دی۔
صدر پاکستان مسلم لیگ ن محمد نواز شریف نے ملاقات میں دورہ ایران کی یادیں تازہ کیں، وزیراعلی مریم نواز اور سابق وزیراعظم نے ایرانی صدر ابراہیم رئیسی کی شہادت پر رنج کا اظہار کیا۔
لیگی قائد میاں نواز شریف نے کہا کہ ایرانی صدر ابراہیم رئیسی اور ان کے رفقاء کی شہادت پر ایرانی عوام کے دکھ کو دل سے محسوس کرتے ہیں۔
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کا کہنا تھا کہ شہید ایرانی صدرابراہیم رئیسی سے ملاقات یاد گار رہی، ان کی شخصیت متاثر کن تھی، ایرانی صدر ابراہیم رئیسی سے ون آن ون ملاقات میں تجارتی، ثقافتی تعلقات کے فروغ پر سود مند گفتگو ہوئی۔
ایرانی سفیر ڈاکٹر رضا امیری مغدام نے کہا کہ پاکستان کے ممنون ہیں،پاکستانی عوام نے دوستی کا پورا حق ادا کیا،شہید ایرانی صدر ابراہیم رئیسی محمد نوازشریف سے ملاقات کے متمنی تھے، دورہ چین کی وجہ سے ملاقات نہ ہوسکی۔
انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان ایران کے لئے بہت خاص اہمیت رکھتاہے،صدر ابراہیم رئیسی کے دورے کے دوران ہونے والے معاہدوں اور ایم او یو کا تسلسل برقرار رہے گا۔
ایرانی سفیر نے مریم نواز کو پہلی خاتون وزیراعلیٰ پنجاب کی حیثیت سے 100دن کامیابی سے مکمل کرنے پر مبارکباد بھی پیش کی اور پنجاب حکومت کے عوام دوست اقدامات کو سراہا۔