لاہور: (دنیا نیوز) سیاسی جماعتیں بلدیاتی انتخابات کی تیاری کے لئے میدان میں آنے لگیں، پاکستان تحریک انصاف نے بلدیاتی انتخابات کے لئے کمیٹی تشکیل دے دی۔
الیکشن کمیشن نے بلدیاتی انتخابات کی تیاریاں تیز کیں تو سیاسی جماعتوں نے بھی کمر کس لی۔
پنجاب حکومت بھی نیا بلدیاتی نظام تشکیل دے کر جلد مسودہ قانون اسمبلی میں لانے کیلئے متحرک ہو گئی ہے جبکہ پیپلز پارٹی کے ساتھ ساتھ تحریک انصاف نے بھی بلدیاتی انتخابات کے حوالے سے تیاری پکڑ لی۔
تحریک انصاف لاہور نے بلدیاتی انتخابات کیلئے کمیٹی تشکیل دیدی، رکن پنجاب اسمبلی شیخ امتیاز محمود کمیٹی کے کنوینئر جبکہ ایم پی اے فرخ جاوید شریک کنوینئر ہوں گے۔
حافظ ذیشان رشید، عاطف خان میو، وقار طور، حاجی فیاض بھی کمیٹی ارکان میں شامل ہیں جبکہ میاں ندیم، چودھری ندیم، ملک قیصر اور شیخ ذوالفقار علی بھی کمیٹی کا حصہ ہوں گے۔
کمیٹی کا مقصد یونین کونسل کی سطح پر تنظیم سازی اوربلدیاتی انتخابات کی تیاری کرنا ہے، کمیٹی یونین کونسلز کی سطح پر بنیادی تنظیم سازی کر کے بلدیاتی محاذ کے لئے تنظیموں کو تیار کرے گی۔
صدر پی ٹی آئی لاہور چودھری اصغر نے کمیٹی کی تشکیل کا نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا ہے۔