لاہور : (دنیانیوز) پاکستان مسلم لیگ ن کے رہنما جاوید لطیف نے کہا ہے کہ پاکستان کے انتخابات سے متعلق امریکی قرارداد قابل مذمت ہے ۔
لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے پاکستان مسلم لیگ ن کے رہنما جاوید لطیف نے کہا کہ نوازشریف کو بار بار جیلوں میں ڈالا گیا، قوم آج پاکستان کے ٹیک آف کرنے کی آواز سن رہی ہے، آج پاکستان ٹیک آف کرتے ہی قرارداد آگئی، جو قوتیں پاکستان میں عدم استحکام چاہتی ہیں ان کو کندھا ملتا ہے۔
ان کاکہنا تھا کہ مقبوضہ کشمیر میں خو ن کی ہولی کھیلی جارہی ہے، 2014 میں بھی چین کی سرمایہ کاری کو روکنے کا منصوبہ تھا، امریکا کو غزہ میں انسانی حقوق کی پامالی یاد نہیں آتی، امریکا کو شام،عراق اوردیگر ممالک میں انسانی حقوق یاد نہیں آتے۔
واضح رہے کہ 26 جون کو امریکا کے ایوان نمائندگان نے 8 فروری 2024 کو پاکستان میں ہونے والے عام انتخابات میں ووٹنگ کے بعد ہیر پھیر کے دعوؤں کی غیر جانبدار تحقیقات کے حق میں قرارداد کو بھاری اکثریت سے منظور کرتے ہوئے جنوبی ایشیا کے ملک کے جمہوری عمل میں عوام کی شمولیت پر زور دیا تھا۔
قرار داد میں پاکستان کے لوگوں کو ملک کے جمہوری عمل میں حصہ لینے کی کوشش کو دبانے کی کوششوں کی مذمت کی گئی، ان کوششوں میں ہراساں کرنا، دھمکانا، تشدد، بلا جواز حراست، انٹرنیٹ اور مواصلاتی ذرائع تک رسائی میں پابندیوں یا ان کے انسانی، شہری اور سیاسی حقوق کی خلاف ورزی شامل ہے۔