اسلام ٓاباد: (دنیا نیوز) وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف نے عوام دوست بجٹ 2024-25 کی منظوری پر وزیرِ خزانہ محمد اورنگزیب کی پذیرائی کی۔
وزیرِ اعظم سے وزیرِ خزانہ کی قومی اسمبلی میں بجٹ کی منظوری کے بعد ملاقات ہوئی، شہباز شریف نے نے وزارت خزانہ، وزارت منصوبہ بندی، ایف بی آر اور تمام متعلقہ وزارتوں کے افسران کی بجٹ کی تیاری کیلئے کوششوں کو سراہا۔
شہباز شریف نے کہا کہ بجٹ اجلاس میں حکومت، اتحادی ارکان اور حزب اختلاف سب نے بھرپور حصہ لیا، امید کرتے ہیں بجٹ 25-2024 پاکستان کیلئے ترقی و خوشحالی میں معاون ثابت ہوگا، پوری کوشش کی کہ موجود وسائل کو بروئے کار لاتے ہوئے عام آدمی کو زیادہ سے زیادہ ریلیف دیں۔
یہ بھی پڑھیں: ملکی معیشت میں ایف بی آر کا کلیدی کردار ہے: وزیراعظم شہباز شریف
وزیرِ اعظم کا کہنا تھا کہ بجٹ میں تنخواہ دار طبقے، پنشنرز اور مزدوروں کو ریلیف دیا، بجٹ میں صحت، تعلیم، زراعت اور انفارمیشن ٹیکنالوجی شعبے کی ترقی پر خصوصی توجہ دی۔
انہوں نے کہا کہ اشرافیہ اور ٹیکس نا دہندگان کو ٹیکس نیٹ میں لائیں گے، ایسا ممکن نہیں کہ غریب ٹیکس دے اور اشرافیہ کو ٹیکس مراعات دی جائیں۔
شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان کی ترقی و خوشحالی کا سفر شروع ہے، الحمد للہ پاکستان کی معیشت درست سمت کی جانب گامزن ہے، حکومت کی کاروبار دوست پالیسیوں کی بدولت ملک میں سرمایہ کاروں کا اعتماد بحال ہوا ہے۔
وزیرِ اعظم نے کہا کہ ترجیحی بنیادوں پر اداروں میں اصلاحات اور ملکی خزانے کو نقصان پہنچانے والے اداروں کی نجکاری کیلئے اقدامات کر رہے ہیں۔