قومی اسمبلی: آئندہ مالی سال 25-2024 کے بجٹ کی شق وار منظوری

Published On 26 June,2024 12:13 pm

اسلام آباد:(دنیا نیوز) قومی اسمبلی میں مختلف وزارتوں اور ڈویژنوں کے مطالبات زر کی منظوری دے دی گئی۔

قومی اسمبلی میں آئندہ مالی سال کے بجٹ کی شق وار منظوری دی گئی ، اجلاس میں وزیرخزانہ و سینیٹر محمد اورنگزیب نے مطالبات زر منظوری کے لیے پیش کیا۔

ایوان نے شعبہ ہوا بازی کا 4 ارب 48 کروڑ 46 لاکھ سے زائد کا مطالبہ زر منظور کرلیا، ایئر پورٹ سکیورٹی فورس کا 14 ارب 38 کروڑ 34 لاکھ سے زائد کا مطالبہ زر منظور کیا گیا، اس کے علاوہ کابینہ کا 3 ارب 51 کروڑ 89 لاکھ سے زائد کے مطالبہ زر منظوری دی گئی۔

اجلاس کے دوران شعبہ کابینہ کا 3 ارب 33 کروڑ 44 لاکھ سے زائد کا مطالبہ زر منظور کیا گیا جب کہ ہنگامی امداد اور بحالی کے لیے 8 ارب 89 کروڑ 34 لاکھ کے مطالبہ زر  منظور ہوئے۔

خیال رہے گزشتہ روز وفاقی وزیر خزانہ و سینیٹر محمد اورنگزیب کا کہنا تھا کہ پنشن اخراجات کو کم کرنے کی کوشش کی جائے گی، ڈھانچہ جاتی اصلاحات ہر قیمت پر آگے بڑھائیں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ حکومتی اخراجات میں سادگی اور کفایت شعاری لائیں گے، سٹیشنری، دودھ، ہائبرڈ الیکٹرک گاڑیوں اور خیراتی ہسپتالوں سمیت بعض ضروری اشیاء پر ٹیکس استثنیٰ برقرار رکھا جائے گا۔