واشنگٹن: (دنیا نیوز) امریکا کے دفاعی ادارے پینٹاگون نے کہا ہے کہ پاکستان کے ساتھ سکیورٹی تعاون جاری ہے۔
غیرملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق ترجمان پینٹاگون جنرل پیٹرک ایک بیان میں کہا ہے کہ دہشت گردی کے خلاف پاکستان کے ساتھ مل کر کام کرنے کی ہماری لمبی تاریخ ہے، امریکا اور پاکستان میں سکیورٹی تعاون پر مزید بات چیت جاری ہے، ترجمان نے پاکستان سے متعلق سکیورٹی امداد کے حوالے سوال کا جواب نہ دیا۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز نائب ترجمان امریکی محکمہ خارجہ نے پریس کانفرنس کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کہا تھا کہ بانی پی ٹی آئی پر مقدمات پاکستان کا اندرونی معاملہ ہے، پاکستان میں انتخابات کی شفافیت کا معاملہ ہماری توجہ کا مرکز ہے، ہم زیر التوا کانگریس کی قانون سازی پر بات نہیں کریں گے۔
امریکی محکمہ خارجہ کے نائب ترجمان ویدانت پٹیل نے مزید کہا کہ امریکی جمہوری نظام میں کانگریس حکومت کی ایک علیحدہ شاخ ہے، پاکستان اور بھارت کو اپنے معاملات خود طے کرنا ہیں، امریکا دنیا بھر میں پڑوسی ممالک میں مذاکرات کی حوصلہ افزائی کرتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ امریکی اعلیٰ حکام نے مسلسل، نجی اور عوامی طور پر پاکستان پر زور دیا کہ آئین کے مطابق عوام کے حقوق کا احترام، انسانی حقوق اور بنیادی آزادیوں کا احترام کیا جائے، اس میں اظہار رائے کی آزادی، پرامن اجتماع اور مذہبی آزادی بھی شامل ہے، یہ معاملہ اٹھاتے رہے ہیں۔