اسلام آباد: (دنیا نیوز) جمعیت علمائے اسلام (ف) سے اتحاد کیلئے قائم پاکستان تحریک انصاف کی خصوصی کمیٹی کا پہلا اجلاس ہوا۔
تفصیلات کے مطابق تحریک انصاف کی کمیٹی کے اجلاس میں بیرسٹر گوہر علی، عمر ایوب، شبلی فراز اور دیگر رہنماؤں نے شرکت کی، کمیٹی کو سابق سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے مولانا فضل الرحمان سے اب تک ہونے والی بات چیت کی پیشرفت سے آگاہ کیا۔
یہ بھی پڑھیں: عمران خان نے عمرایوب کا استعفیٰ مسترد کر دیا، ملاقات کیلئے طلب
جے یو آئی (ف) سے اتحاد کیلئے تحریک انصاف کے مجوزہ نکات سامنے آگئے ہیں جس میں ممکنہ فوجی آپریشن عزم استحکام سے متعلق مشترکہ موقف و حکمت عملی شامل ہے، عدلیہ میں مداخلت روکنے اور آزادی کیلئے تحریک مجوزہ نکات کا حصہ ہے۔
انتخابات میں دھاندلی اور مستقبل میں دھاندلی کی روک تھام کا نقطہ بھی جمعیت علمائے اسلام (ف) سے اتحاد کیلئے مجوزہ ٹی اور آرز میں شامل کیا گیا ہے، اتحاد کا سلسلہ آگے بڑھانے کیلئے تحریک انصاف کی کمیٹی ٹی اوآرز کی منظوری بانی پی ٹی آئی سے لے گی۔