اسلام آباد:(دنیا نیوز)وفاقی وزیراطلاعات عطاءتارڑ کا کہنا ہے کہ آل پارٹیز کانفرنس میں سب جماعتوں کو شامل کریں گے۔
وفاقی وزیراطلاعات عطاءتارڑ نے اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم کے تاجکستان اور قازقستان کے دوروں کےاچھےنتائج سامنےآئیں گے، آنےوالےدنوں میں پاکستان میں وفود آئیں گے، مسئلہ فلسطین پروزیراعظم شہبازشریف نےدوٹوک موقف اپنایا۔
انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے مسئلہ فلسطین پر قوم کی ترجمانی کی ، وزیر اعظم نے عالمی سطح پر اسلامو فوبیا کی بات کی، وزیراعظم نےکہا کہ اسرائیل جنگی جرائم کا مرتکب ہورہا ہے ،انہوں نے پرامن اورمستحکم افغانستان کی بھی بات کی، ہم دوست ممالک کے ساتھ تجارتی تعلقات بڑھانا چاہتے ہیں۔
عطاءتارڑ کا کہنا تھا کہ اداروں کی نجکاری کے حوالے سے بھی کام جاری ہے، اگست میں نجکاری کے معاملات میں تیزی آئے گی، آل پارٹیز کانفرنس میں اتحادیوں سے مشاورت ہورہی ہے، تمام جماعتوں کو اے پی سی میں شامل کیا جائے گا، آج اے پی سی کے حوالے سے بانی پی ٹی آئی کا بیان بھی سامنے آیا ہے ۔
وفاقی وزیر اطلاعات ونشریات کا کہنا ہے کہ آج وزیر اعظم کی زیر صدارت اجلاس میں ٹیکس چوری کے حوالے سے بھی گفتگو ہوئی ہے ،جو لوگ ٹیکس دینے کی استعداد رکھتے ہیں انہیں فوری طور پر ٹیکس نیٹ میں لایا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ ٹیکس چوری میں ملوث افراد اورجرم میں ساتھ دینےوالےاہلکاروں کوبھی سزا دی جائیں گی، جس کی ایک لاکھ روپےتنخواہ ہے اس کو2400روپےٹیکس دینا پڑےگا۔
عطاء تارڑ کا مزید کہنا تھا کہ باجوڑحملےکا بڑا افسوس ہے، دہشت گردی،انتہا پسندی ختم ہونےسےپاکستان میں استحکام آئےگا، دہشت گرد پاکستان کےنظریےکے خلاف ہے، دہشت گردی کے خلاف ہم سب اکٹھےہوں گے، عزم استحکام کےحوالےسےایک مربوط حکمت عملی کی ضرورت ہے، عزم استحکام آپریشن پرکل جماعتی کانفرنس کےبارےمیں اتحادیوں سےایک نشست ہوچکی ہے۔