لاہور: (دنیا نیوز) اینٹی کرپشن عدالت نے غیرقانونی بھرتیوں کے کیس میں سابق وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الہٰی سمیت دیگر ملزمان کو فرد جرم کی کارروائی کیلئے آئندہ سماعت پر طلب کرلیا۔
لاہور کی اینٹی کرپشن عدالت کے جج صفدر علی بھٹی نے کیس پر سماعت کی، چودھری پرویز الہٰی کے وکلاء نے سابق وزیراعلیٰ پنجاب کی ایک روزہ حاضری معافی کی درخواست دائر کی جبکہ دیگر بر ضمانت ملزمان نے عدالت میں پیش ہو کر حاضری مکمل کرائی۔
چودھری پرویز الہٰی کے وکلاء نے درخواست میں مؤقف اپنایا کہ چودھری پرویز الہٰی بیمار ہیں، سابق وزیراعلیٰ کیلئے چلنا پھرنا دشوار ہے، معالج نے بیڈریسٹ کا مشورہ دیا ہے، پرویز الہٰی ضعیف العمر ہونے کی وجہ سے کمزور اور لاغر ہو چکے ہیں، عدالت ان کی ایک روزہ حاضری معافی کی درخواست منظور کرے۔
عدالت نے سابق وزیراعلیٰ پنجاب کی حاضری معافی کی درخواست منظور کر لی جبکہ شریک ملزم عاکف اشرف کیخلاف عدم پیشی پر اشتہاری قرار دینے کی کارروائی شروع کر دی۔
بعدازاں عدالت نے پرویز الہٰی اور دیگر ملزمان کو فرد جرم کیلئے طلب کرتے ہوئے مبینہ غیر قانونی بھرتیوں کے مقدمہ پر مزید سماعت 15 جولائی تک ملتوی کر دی۔
واضح رہے کہ عدالت نے پرویز الہٰی اور دیگر ملزمان کو فرد جرم کیلئے آج طلب کر رکھا تھا۔
پراسیکیوشن کے مطابق پرویز الہٰی اور محمد خان بھٹی نے تحریری امتحان میں فیل ہونے والوں کو گریڈ 17 میں ملازمت دی، تحریری امتحان کے نتائج کو تبدیل کر کے من پسند افراد کو ملازمتیں دی گئیں۔